بیجنگ (شِنہوا) چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے کہا ہے کہ چین ایران کی صورتحال کے متعلق ہونے والی پیشرفت کو قریب سے دیکھ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین بین الاقوامی تعلقات میں طاقت کے استعمال کی دھمکی دینے یا طاقت استعمال کرنے کی سخت مخالفت کرتا ہے۔
وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے یہ بات اپنی معمول کی پریس بریفنگ میں امریکہ اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے متعلق پوچھے گئے سوال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ چین نے ہمیشہ مسائل کو سیاسی اور سفارتی ذرائع سے حل کرنے کی وکالت کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین اور ایران کے عوام کے درمیان طویل المدتی روایتی دوستی قائم ہے۔چین اپنے قومی استحکام اور جائز حقوق و مفادات کا تحفظ کرنے کے لئے ایرانی حکومت اور عوام کے اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ چین توقع رکھتا ہے کہ تمام فریقین امن کی قدر کریں گے،تحمل کا مظاہرہ کریں گے اور بات چیت کے ذریعے اختلافات کو حل کریں گے۔ چین اس ضمن میں ایک بڑے ذمہ دار ملک ہونے کے ناطے اپنا کردار ادا کرنا جاری رکھے گا۔




