جمعرات, فروری 26, 2026
پاکستانپاکستان، اٹلی، سپین اور یونان کا غیر قانونی ہجرت کیخلاف مشترکہ پالیسی...

پاکستان، اٹلی، سپین اور یونان کا غیر قانونی ہجرت کیخلاف مشترکہ پالیسی اپنانے پر اتفاق

پاکستان، اٹلی، سپین اور یونان کے وزرائے داخلہ نے غیر قانونی ہجرت روکنے کیلئے مشترکہ پالیسی فریم ورک پر اتفاق کیا ہے۔

جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی قیادت میں پاکستانی وفد نے روم میں منعقد مائیگریشن ڈائیلاگ میں شرکت کی جس میں اطالوی، ہسپانوی اور یونانی ہم منصب بھی موجود تھے۔

اطالوی وزیر داخلہ میٹیو پینٹے ڈوسی، سپین کے وزیر داخلہ فرنینڈو گرینڈے مارلاسکا اور یونان کے وزیر مائیگریشن اتھاناسیس پلیورس نے غیر قانونی امیگریشن روکنے کیلئے پاکستانی اقدامات کو سراہا اور پاکستانی وزیر داخلہ کی لیگل پاتھ وے کے ذریعے غیرقانونی امیگریشن روکنے کی تجویز سے اتفاق کیا۔

جاری بیان کے مطابق چاروں وزرائے داخلہ نے مشترکہ مفادات کے شعبوں میں اشتراک بڑھانے کا فیصلہ کیا، غیرقانونی امیگریشن، انسانی سمگلنگ اور منشیات کے خلاف مشترکہ پالیسی فریم ورک پر بھی اتفاق کیا۔

اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ سنگین جرائم میں ملوث مجرموں کو یورپ سے پاکستان واپس لایا جائے گا اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ اطالوی وزیر داخلہ میٹیو پینٹے ڈوسی اور سپین کے وزیر داخلہ فرنینڈو گرینڈے مارلاسکا نے محسن نقوی کی قیادت میں پاکستانی اداروں کی مثالی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے بہترین اقدامات کئے ہیں، یورپی یونین کے ذریعے پاکستان کی استعداد کار بڑھانے کیلئے بھرپور معاونت کا بھی یقین دلایا گیا۔

وزیر داخلہ نے اٹلی کی جانب سے 10ہزار 500ملازمتیں مختص کئے جانے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ یورپی ممالک نقل مکانی کے خواہشمند افراد کیلئے قانونی طریقوں کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ غیرقانونی آمد کی حوصلہ شکنی ہو سکے۔

کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا کہ چاروں ممالک کا اگلا اجلاس رواں برس پاکستان میں منعقد ہوگا۔

انٹرنیوز
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!