سیئول (شِنہوا) چینی اینیمیٹڈ فلم نی جا 2 جنوبی کوریا کے سب سے بڑے سینما چین سی جی وی میں ڈی ایکس 4 اور آئی میکس فارمیٹس میں نمائش کے لئے پیش کی گئی جو روزانہ کے باکس آفس چارٹ پر تیسرے نمبر پر ہے۔
چینی فلم ٹکٹنگ اور فلمی ڈیٹا پلیٹ فارم ماؤیان کے مطابق اس فلم نے 15.44 ارب یوآن (تقریباً 2.25 ارب امریکی ڈالر) کا بزنس کیا ہے جس کے بعد یہ اب تک کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی چینی فلم بن گئی ہے۔
فلم کی جنوبی کوریائی ڈسٹری بیوٹر کمپنی کانٹینٹس زون کے سی ای او چھانگ جی ووک نے کہا کہ فلم کو جنوبی کوریا میں پیش کرنے کا فیصلہ چین میں اس کی شاندار کارکردگی اور بڑھتے ہوئے عالمی اثر و رسوخ کی وجہ سے کیا گیا ہے۔
چھانگ نے کہا کہ بصری معیار اور پروڈکشن کوالٹی کے لحاظ سے یہ فلم ڈزنی، پکسر اور جاپانی اینیمیشن کے ہم پلہ ہے۔
چھانگ نے کہا کہ کمپنی مستقبل میں مزید چینی تخلیقات کو جنوبی کوریائی مارکیٹ میں متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے، جن میں اینیمیٹڈ سیریز بیاؤ رین بھی شامل ہے جو ممکنہ طور پر بعد میں سٹریمنگ یا ویڈیو آن ڈیمانڈ پلیٹ فارمز پر جاری کی جا سکتی ہے۔




