مغربی کنارےکے شہر رم اللہ کے قریب بیتونیہ کے قصبے میں ایک شخص ایک رہا ہونے والی خاتون فلسطینی قیدی کو گلے لگارہا ہے۔(شِنہوا)
غزہ (شِنہوا) بین الاقوامی کمیٹی آف دی ریڈ کراس (آئی سی آر سی) نے اعلان کیا ہے کہ جنگ بندی معاہدے کی ابتدائی شرائط کے تحت حماس اور اسرائیل کے درمیان قیدیوں۔یرغمالیوں کے تبادلے کا دوسرا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے۔
اس نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں 200 فلسطینی قیدیوں اور 4 اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی شامل تھی، آئی سی آر سی نے ایک غیرجانبدار ثالث کے طور پر اس تبادلے کے مئوثر اور محفوظ نفاذ کو یقینی بناتے ہوئے مکمل رابطے اور جائزے کے عمل کے بعد یہ کام انجام دیا۔
اس نے مزید کہا اسرائیلی یرغمالیوں کو محفوظ طریقے سے منتقل کیا گیا، ان کی فلاح و بہبود کو ترجیح دی گئی جبکہ فلسطینی قیدیوں کو اسرائیلی حراستی مراکز سے رہا کر کے غزہ اور مغربی کنارے کی طرف منتقل کیا گیا، رہائی سے قبل آئی سی آر سی نے ان کا انٹرویو کیا، شناخت کی تصدیق کی اور صحت کی حالت کا جائزہ لیا اور سفر کے لیے ان کی تیاری کو یقینی بنایا۔
آئی سی آر سی نے فریقین کے درمیان جاری بات چیت اور ان کی انسانی ہمدردی کے عزم کو مستحکم کرنے پر زور دیا تاکہ آئندہ کارروائیوں کی محفوظ تکمیل کے لیے ضروری حالات پیدا کیے جا سکیں۔
قبل ازیں ہفتہ کو اسرائیلی دفاعی افواج اور اسرائیلی سکیورٹی ایجنسی نے ایک مشترکہ بیان میں کہا تھا کہ غزہ میں یرغمال 4 خواتین اسرائیلی فوجیوں کو ان کے حوالے کر دیا گیا اور وہ اسرائیل کی سرحد میں داخل ہو گئی ہیں۔
