چین کے جنوب مغربی شی زانگ خودمختار علاقےکے شہر نینگچی کی گونگ بو گیامڈاکاؤنٹی کے علاقے نیانگ پو کے مرکزی پرائمری سکول میں طلبہ دودھ لینے کے لئے قطار میں کھڑے ہیں-(شِنہوا)
لہاسا(شِنہوا)چین کا جنوب مغربی شی زانگ خودمختار علاقہ اب کالج سے تعلیم یافتہ 5 لاکھ 30 ہزار سے زائد رہائشیوں کا مسکن بن گیا ہے۔
علاقائی دارالحکومت لہاسا میں ہونے والی تعلیمی کانفرنس میں جاری ہونے والے اعدادوشمار کے مطابق یہ تعداد 2020 میں ہونے والی 7ویں قومی مردم شماری میں سامنے آنے والی تعداد سے خاطر خواہ اضافہ ظاہر کرتی ہے۔اس مردم شماری کے مطابق علاقے میں کالج ڈگری کے حامل افراد کی تعداد 4 لاکھ ایک ہزار 980 تھی۔
کانفرنس میں جاری ہونے والے اعدادوشمار سے یہ بھی ظاہر ہوا کہ علاقے میں نئی افرادی قوت کی اوسطاً تعلیم اب 13.1 سال ہے۔
علاقائی محکمہ تعلیم کے مطابق چائنیز اکیڈمی آف سائنسزاورپیکنگ یونیورسٹی سمیت تحقیقی اداروں، یونیورسٹیوں اور کاروباری اداروں سے تعاون مستحکم کرکے شی زانگ نے سائنس و ٹیکنالوجی کی تخلیقی جدت کے لئے 103 علاقائی سطح کے پلیٹ فارم قائم کئے۔
پرانے شی زانگ میں 95 فیصد سے زائد نوجوان افراد ناخواندہ تھے اور تعلیم تک رسائی بنیادی طور پر مراعات یافتہ اشرافیہ تک محدود تھی۔
شی زانگ کنڈر گارٹن سے سینئرہائی سکول تک سرکاری خرچ پر 15 سال تک کی تعلیم فراہم کرنے والا چین میں پہلا صوبائی سطح کا علاقہ ہے۔لازمی تعلیم کی تکمیل کی شرح 97.73 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔سرکاری اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ علاقہ اب مختلف اقسام اور سطح کے 3 ہزار 472 سکولوں کا مسکن ہے۔
