چین کے وسطی صوبے ہوبےکی زی گوئی کاؤنٹی میں دریائے یانگسی کے ساتھ شی لنگ گورج حصے پر چلتی کشتیوں کا فضائی منظر-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا) چینی پولیس نے دریائے یانگسی کی حفاظت کے لئے ملک گیر مہم کے تحت 5 ہزار 200 جرائم کے مقدمات نمٹائے اور 710 سے زائد جرائم پیشہ گینگ ختم کئے۔
چین کی وزارت عوامی تحفظ کے مطابق رواں سال فروری میں شروع کی گئی مہم میں دریائے یانگسی کے علاقے میں غیر قانونی سرگرمیوں کو ہدف بنایا گیا۔ان میں غیر قانونی ماہی گیری، ریت کی غیر قانونی کان کنی اور سامان کی آبی نقل و حمل کے لئے خطرےکا باعث بننے والا غیرقانونی رویہ شامل ہیں۔
وزارت کے ایک عہدیدار لیو جی نے کہا کہ یہ اقدام چین کے سب سے اہم آبی نظام کے تحفظ کی وسیع کوشش کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کی قانون کے نفاذ کی کارروائیاں 2020 سے چل رہی ہیں جن کے مسلسل مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔
اس مخصوص مہم کا قابل ذکر پہلو اپریل میں شروع کیا گیا 6 ماہ کا خصوصی آپریشن ہے جس میں سامان کی آبی نقل و حمل سے متعلق جرائم کو نشانہ بنایا گیا۔
اس عرصے کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 300 سے زائد فوجداری مقدمات نمٹائے جن میں جہاز کے ایندھن کی چوری کے واقعات بھی شامل ہیں۔ان جرائم کی مجموعی مالیت تقریباً 32 کروڑ یوآن(تقریباً 4 کروڑ 45 لاکھ 20 ہزار امریکی ڈالر) تک پہنچ گئی۔
لیو نے کہا کہ وزارت پیشہ ورانہ ماہرین کی شمولیت،جدید نظام اور اعدادوشمار کے تجزیات سے قانون کے نفاذ کی حکمت عملی مربوط بنانے کا اردہ رکھتی ہے۔دریائے یانگسی معاشی پٹی کی اعلیٰ معیار کی ترقی کے لئے بھی کوششیں جاری ہیں۔
