چین کے وسطی صوبے ہینان کے شہر ژینگ ژو میں فاکسکون کے تربیتی مرکز میں کارکن تربیتی کورس میں شریک ہیں-(شِنہوا)
ژینگ ژو(شِنہوا)ہون ہائی ٹیکنالوجی گروپ (فاکسکون) نے اعلان کیا ہے کہ وہ فاکسکون نیوانرجی بیٹری (ژینگ ژو) کمپنی لمیٹڈ میں 60کروڑ یوآن (تقریباً 8کروڑ 34لاکھ 80ہزار امریکی ڈالر) کی سرمایہ کاری کرے گا۔
یہ سرمایہ کاری اس کے ذیلی ادارے ہانگ فوجن پریسیشن الیکٹرانکس (ژینگ ژو) کمپنی لمیٹڈ کے ذریعے کی جائے گی، جو سب سے پہلے فاکسکون انوویشن انڈسٹری ڈویلپمنٹ گروپ کمپنی لمیٹڈ میں سرمایہ لگائے گی۔ تائیوان کی کمپنی نے منگل کے روز شِنہوا کو تصدیق کی کہ آخرالذکر یہ رقم وسطی صوبے ہینان کے دارالحکومت ژینگ ژو میں نیو انرجی بیٹری کی کمپنی کو دے گی۔
دنیا کی معروف الیکٹرانکس مصنوعات بنانے والی کمپنی کا کہنا ہے کہ مجموعی سرمایہ کاری مرحلہ وار کی جائے گی، جس میں ابتدائی طور پر35کروڑ یوآن کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔
فاکسکون ایک نیا کاروباری ہیڈ کوارٹرز تعمیر کرے گا، جو ژینگ ژو میں فاکسکون انوویشن انڈسٹری ڈویلپمنٹ گروپ کمپنی لمیٹڈ کی میزبانی کرے گا۔ مجوزہ منصوبے کے پہلے مرحلے میں ہیڈ کوارٹرز تقریباً 70 ہزار مربع میٹر تعمیراتی علاقے پر محیط ہوگا جس میں ایک ارب یوآن کی سرمایہ کاری ہوگی۔
اپریل 2023 میں فاکسکون نے ژینگ ژو میں نئے کاروباری ہیڈ کوارٹرز کا افتتاح کیا۔ اس سال کے آغاز میں شہر میں الیکٹرک گاڑیوں(ای وی) کی صنعت سے متعلق ایک فاکسکون کمپنی قائم کی گئی تھی، جس میں ای وی کے لئے کلیدی اجزا کی پیداوار، گاڑیوں کی فروخت اور ای وی بیٹریوں کی ری سائیکلنگ پر توجہ مرکوز کی گئی تھی۔
رواں سال جولائی میں کمپنی نے ہینان کی صوبائی حکومت کے ساتھ تزویراتی تعاون کے معاہدے پر دستخط کئے تھے تاکہ نئے کاروباری منصوبوں سے متعلق منصوبوں میں تیزی لائی جاسکے۔
