کرکٹ میں دوسرے ممالک پر غیر محفوظ ہونے کا بے بنیاد پروپیگنڈا کرنے والا بھارت خود غیر ملکی کھلاڑیوں کے لیے غیر محفوظ نکلا۔
بھارت میں آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کے لیے موجود آسٹریلین کرکٹرز کے ساتھ جنسی ہراسانی کا شرمناک واقعہ پیش آیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی شہر اندور میں آسٹریلیا کی دو ویمن کرکٹرز ہوٹل سے کیفے ٹیریا جانے کے لیے نکلی تھیں، اس دوران موٹر سائیکل سوار شخص نے ایک آسٹریلوی کرکٹرز کو انتہائی نازیبا طریقے سے چھوا اور فرار ہو گیا۔
رپورٹس کے مطابق مذکورہ واقعہ 23 اکتوبر کو پیش آیا۔
ایڈیشنل ڈی سی پی کرائم برانچ راجیش ڈنڈوتیا نے میڈیا کو واقعے سے متعلق تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آسٹریلوی ویمن کرکٹ ٹیم کے سیکیورٹی افسر نے واقعے کی شکایت درج کروائی تھی۔
راجیش ڈنڈوتیا نے مزید کہا کہ مبینہ ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ملزم کا نام عقیل اور آزاد نگر کا رہائشی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس کی بھاری نفری سیکیورٹی پر مامور تھی، کمی کہاں رہ گئی اس کا جائزہ لیا رہا ہے۔




