چین کے جنوب مغربی صوبے گوئی ژو کے شہر گوئی یانگ کی کاؤنٹی کائی یانگ کے گاؤں یان تھانگ میں ایک کسان گندم کی کٹائی کر رہا ہے۔(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کی اناج کی پیداوار رواں سال 70 کروڑ ٹن کی بلند ترین سطح پر پہنچنے کی توقع ہے۔
وزارت زراعت اور دیہی امور نے جمعہ کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ اہم سنگ میل مسلسل 9 سال تک اناج کی پیداوار 65 کروڑ ٹن برقرار رکھنے کے بعد متوقع ہے۔
موسم گرما کے اناج اور چاول کی ابتدائی کٹائی پہلے ہی مکمل ہوچکی ہے۔ موسم گرما کے اناج کی مجموعی پیداوار 14 کروڑ 97 لاکھ 80 ہزار ٹن رہی جو گزشتہ سال کی نسبت 36 لاکھ 30 ہزار ٹن زائد ہے جبکہ چاول کی ابتدائی پیداوار تقریباً 2 کروڑ 82 لاکھ ٹن پر مستحکم رہی۔
وزارت نے کہا کہ موسم خزاں کی فصل کی کٹائی بھی بھرپور انداز میں جاری ہے۔ جمعرات تک کے اعدادوشمار کے مطابق خزاں کی 82.5 فیصد فصلیں کٹ چکی ہیں جس سے رواں سال بھرپور پیداوار متوقع ہے۔
