چین کے جنوب مغربی صوبہ گوئی ژو میں ہواجیانگ گرینڈ کینن پل پرٹرکوں کے وزن سے پل کی برداشت کا جائزہ لیا جا رہا ہے-(شِنہوا)
گوئی یانگ(شِنہوا)مقامی حکومت نے اعلان کیاہے کہ چین کے جنوب مغربی صوبے گوئی ژو میں واقع ہواجیانگ گرینڈ کینن پل، جو دنیا کا سب سے بلند پل بننے جا رہا ہے، تین سال سے زائد کی تعمیر کے بعد 28 ستمبر کو ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے گا۔
صوبائی حکومت کے مطابق یہ پل 2 ہزار 890 میٹر طویل ہے جس کا مرکزی حصہ ایک ہزار 420 میٹر ہے۔ دریا سے 625 میٹر کی بلندی پر واقع یہ پل دنیا کا سب سے بلند اور پہاڑی علاقے میں تعمیر ہونے والا سب سے بڑا پل بن جائے گا۔
صوبائی محکمہ ٹرانسپورٹ کے سربراہ ژانگ یِن نے بتایا کہ اس پل نے ہوا کے مقابلے کی ڈیزائننگ اور بلند مقام پر تعمیر میں کئی تکنیکی کامیابیاں حاصل کی ہیں، 21 مستند پیٹنٹ حاصل کئے ہیں اور اس کی متعدد تکنیکی کامیابیاں قومی پلوں کے تعمیراتی معیار میں شامل کی گئی ہیں۔
گوئی ژو میں 32 ہزار سے زائد پل تعمیر ہو چکے ہیں یا زیر تعمیر ہیں، جن میں دنیا کے 3 سب سے بلند پل شامل ہیں۔ دنیا کے سب سے بلند 100 پلوں میں سے تقریباً نصف صوبہ گوئی ژو میں ہیں۔
