منگل, جولائی 29, 2025
انٹرنیشنلدوطرفہ تعلقات کو فروغ دینا چین اور جاپان کی مشترکہ ذمہ داری...

دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینا چین اور جاپان کی مشترکہ ذمہ داری ہے، چینی وزیر خارجہ

اقوام متحدہ: چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے  گزشتہ روز نیو یارک میں  اپنی جاپانی ہم منصب سے ملاقات کی،دوران ملاقات انہوں نے  کہا کہ چین اور جاپان کے تعلقات میں ہمہ جہت  ترقی کو فروغ دینا دونوں ہمسایہ  ممالک کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

وانگ جو کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن بھی ہیں نے  جاپانی وزیر خارجہ یوکو کامیکاوا کے ساتھ بات چیت کے دوران امید ظاہر کی کہ جاپان  سٹریٹجک اور باہمی فائدہ مند تعلقات کو فروغ دینے کی صحیح سمت  برقرار رکھنے کے لئے چین کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔ وانگ نے جاپان پر زور دیا کہ وہ دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان طے پانے والے اتفاق رائے پر عمل کرنے اور دوطرفہ تعلقات کی مضبوط و مستحکم ترقی  کو فروغ دینے میں چین کا ساتھ دے۔

اس موقع پر جاپانی وزیر خارجہ کامیکاوا نے کہا کہ جاپان چین کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کو اہمیت دیتا ہے اور بین الاقوامی منظر نامے میں بڑھتے ہوئے خطرات اور چیلنجوں کے پیش نظر جاپان اور چین کو مشاورت کے ذریعے مختلف شعبوں اور تمام سطحوں پر رابطے اور مکالمے کو برقرار رکھنا چاہئے اور مشترکہ طور پر علاقائی امن و ترقی کا تحفظ کرنا چاہئے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ چین  شینزین میں ایک جاپانی طالب علم پر حالیہ حملے سے مناسب طریقے سے نمٹے گا اور چین میں جاپانی عوام کے تحفظ کو یقینی بنائے گا کیونکہ دوطرفہ تعلقات کی اہم بنیاد عوامی سطح پر تبادلوں میں مضمر ہے۔

وانگ نے اس بات پر زور دیا کہ چین جاپان کے فوکوشیما جوہری پلانٹ سے آلودہ پانی کے اخراج کی مخالفت کرنے کا حق رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چونکہ جاپان نے طویل مدتی بین الاقوامی نگرانی کے انتظامات اور چین جیسے سٹیک ہولڈرز کی طرف سے آزادانہ نمونوں کی نگرانی کو قبول کرنے پر اتفاق کیا ہے ، لہذا جاپان کو اپنے الفاظ پر قائم رہنا چاہئے اور اس مسئلے کو خراب کرنے سے گریز کرنا چاہئے۔

شینزین میں پیش آنے والے واقعے کے بارے میں وانگ نے کہا کہ اس  کیس کی چین تحقیقات کرے گا اور قانون کے مطابق اس سے نمٹے گا۔ چین، ہمیشہ کی طرح، قانون کے مطابق تمام غیر ملکی شہریوں کی حفاظت کا تحفظ کرے گا۔

انہوں نے کامیکاوا سے کہا کہ جاپان کو اس معاملے کو سیاسی رنگ دینے اوربڑھاوا دینے کے بجائے اس بارے میں پرسکون اور منطقی نقطہ نظر اپنانا چاہئے۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!