ملائیشیا کے شہر کوالا لمپور میں لوگ فلم "ڈیڈ ٹو رائٹس” کا پوسٹر دیکھ رہے ہیں-(شِنہوا)
کوالا لمپور(شِنہوا)1937 کے نان جنگ قتل عام پر مبنی چینی تاریخی فلم "ڈیڈ ٹو رائٹس” کی ملائیشیاکے شہر کوالا لمپور میں رونمائی ہوئی جس نے فلم بینوں کے دلوں پر گہرا اثر چھوڑا۔
یہ فلم جاپانی فوج کی جنگی بربریت کے تصدیق شدہ تصویری شواہد پر مبنی ہے اور اس میں ان چینی عام شہریوں کی کہانی بیان کی گئی ہے جو نان جنگ شہر پر جاپانی جارحیت کے دوران ایک فوٹوگرافی سٹوڈیو میں پناہ لیتے ہیں۔
فلم کے پریمیئر میں چین اور ملائیشیا سے تعلق رکھنے والے سرکاری عہدیدار، ثقافتی شخصیات، میڈیا کے نمائندے اور فلمی شائقین نے شرکت کی۔
فلم کے اختتام پر سینما ہال میں خاموشی چھا گئی اور ایک سنجیدہ اور اداس فضا پیدا ہوگئی۔ ملائیشین فلم بین ڈینی ماہ نے کہا کہ یہ فلم تاریخ کا ایک ریکارڈ بھی ہے اور اس بات کی یاد دہانی بھی کہ امن کی حفاظت کس قدر ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ فلم چینی عوام کی اس وقت کی تکالیف اور ان کے ناقابل تسخیر جذبے کو موثر انداز میں پیش کرتی ہے۔ میری خواہش ہے کہ ’امن کی قدر‘ کا یہ پیغام آنے والی نسلوں تک پہنچے۔
ایک اور فلم بین ڈیوڈ فونگ، جو فلم دیکھنے کے لئے جوہور سے آئے تھے، نے کہا کہ یہ فلم چینی عوام کے حوصلے کو خراج تحسین پیش کرتی ہے اور لوگوں کو یاد دلاتی ہے کہ آج کا امن بڑی قربانیوں سے حاصل ہوا ہے۔
