یورپی یونین نے پاکستان کیساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے جی ایس پی پلس سکیم کیلئے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ہے۔
جاری بیان کے مطابق یورپی یونین کی سفیر رینا کیونکا نے وزیر اعظم سے الوداعی ملاقات کی۔ شہباز شریف نے یورپی سفیر کو پاکستان میں اپنی مدت ملازمت کی کامیابی سے تکمیل پر مبارکباد دیتے ہوئے مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کرنے پر رینا کیونکا کا شکریہ ادا کیا اور 2022ء کے سیلاب کے دوران یورپی یونین کی جانب سے مدد کو یقینی بنانے میں کوششوں کو سراہا۔ وزیر اعظم نے یورپی یونین کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیین کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ آنیوالے دنوں میں ان سے ملاقات کے منتظر ہیں۔وزیراعظم نے پاکستان کے سب سے بڑے تجارتی شراکت داروں میں سے ایک کے طور پر یورپی یونین کی اہمیت کو اجاگر کیا اور جی ایس پی پلس سکیم کیلئے حکومتی عزم کا اعادہ کیا جو دونوں فریقین کیلئے باہمی طور پر فائدہ مند ثابت ہوئی تھی۔
ملاقات میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان ملکی سیاسی پیشرفت سمیت اہم امور بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر یورپی یونین کی سفیر نے پاکستان میں قیام کے دوران ملنے والے تعاون پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کیساتھ اپنے تعاون کو مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہے۔
انہوں نے وزیراعظم کی نیک خواہشات پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ برسلز میں اپنی اگلی ذمہ داری میں پاکستان اور یورپی یونین کے مضبوط تعلقات کو فروغ دینا جاری رکھوں گی۔
