یونان کے شہر ایتھنزمیں منعقدہ ایتھنز انوویشن فیسٹیول کے داخلی مقام پر لوگ معلومات لے رہے ہیں-(شِنہوا)
ایتھنز(شِنہوا)چین اور یونان کی جامعات اور اداروں کے درمیان ایتھنز میں منعقدہ ایک کانفرنس میں جدت پر مبنی نئے معاہدوں پر دستخط کئے گئے جن کا مقصد سائنسی اور صنعتی تعاون کو فروغ دینا ہے۔
نیشنل ٹیکنیکل یونیورسٹی آف ایتھنز(این ٹی یواے) میں منعقدہ یونان-جیانگسو انوویشن اینڈ انڈسٹریل کوآپریشن کانفرنس میں دونوں ممالک کے 160 سے زائد حکام، تعلیم اور صنعت کے ماہرین نے شرکت کی۔ اس فورم کا مقصد ہائی ٹیک شعبوں میں مشترکہ تحقیق اور تجارت کو آگے بڑھانا تھا۔
این ٹی یو اے کے ریکٹر ایوانیس کے چیٹ جارجیو نے چینی جامعات کے ساتھ اپنی یونیورسٹی کے مضبوط تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم سائنس، تعلیم اور دوطرفہ تعلقات کے لئے بامعنی نتائج کی توقع رکھتے ہیں۔
این ٹی یو اے نے 2 شراکتی معاہدوں پر دستخط کئے۔ ایک معاہدہ چائنہ یونیورسٹی آف مائننگ اینڈ ٹیکنالوجی (سی یو ایم ٹی) کے ساتھ اور دوسرا معاہدہ مشترکہ طور پر جیانگسو انڈسٹریل ٹیکنالوجی ریسرچ انسٹیٹیوٹ (جے آئی ٹی آر آئی) اور شنگھائی یانگسی ڈیلٹا انوویشن انسٹیٹیوٹ کے ساتھ کیا گیا۔
سی یو ایم ٹی کے صدر لیو بو کے مطابق این ٹی یو اے اور سی یو ایم ٹی کے درمیان معاہدہ دونوں جامعات کے شعبہ الیکٹریکل انجینئرنگ کے طویل مدتی تعاون پر مبنی ہے۔
کانفرنس کے دوران چین اور یونان کے ماہرین نے جدید موضوعات پر خیالات کا تبادلہ کیا، جن میں آرآئی ایس سی-فائیو پروسیسر آرکیٹیکچر، پائیدار سمندری ٹیکنالوجیز اور توانائی میں جدت شامل ہیں۔ دونوں ممالک کے محققین نے جاری منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا اور پینل مباحثوں اور گول میز اجلاسوں کے دوران مستقبل کے تعاون کے امکانات پر بات چیت کی۔
