چین کے مشرقی صوبے جیانگسو کے شہر نان تونگ کی روڈونگ کاؤنٹی کے ایک جزیرے میں مائع قدرتی گیس کے ٹینکوں کافضائی منظر۔(شِنہوا)
شنگھائی(شِنہوا)چین کے ایک جہاز ساز ادارے نے مائع قدرتی گیس (ایل این جی) دوہری ایندھن سے چلنے والا گاڑی بردار جہاز متعلقہ کمپنی کے سپرد کردیا ہے۔ جہاز کی گنجائش 8 ہزار 600 کارمساوی یونٹ (سی ای یو) ہے۔
گاڑی بردار بحری جہاز ’وین جنگ کو‘ ایک چینی تحقیقی ادارے نے آزادانہ طور پر ڈیزائن اور تیار کیا ہے جس کی لمبائی 199.9 میٹر، چوڑائی 38 میٹر اور گہرائی 14.8 میٹر ہے۔
اس جہاز میں گاڑیوں کے 14 عرشے ہیں جہاں کاروں، ٹرکوں اور بسوں سمیت مختلف گاڑیوں کو لادنے اور اتارنےکی گنجائش ہے۔ ان عرشوں کا مجموعی رقبہ تقریباً 75ہزارمربع میٹر ہے جو فٹبال کے تقریباً 11 معیاری میدانوں کے مساوی ہے۔
’وین جنگ کو‘ چائنہ سٹیٹ شپ بلڈنگ کارپوریشن لمیٹڈ کے ماتحت ادارے شنگھائی وائی گاؤچھیاؤ شپ بلڈنگ کمپنی لمیٹڈ نے چائنہ شپ بلڈنگ ٹریڈنگ کمپنی لمیٹڈ کے تعاون سے تعمیر کیا ہے۔
’وین جنگ کو‘ جہاز کے آپریٹنگ ادارے گوانگ ژو یوآن ہائی آٹوموبائل شپنگ کے وائس چیئرمین لیو یون وؤ کے مطابق جہاز جدید ایل این جی دوہرے ایندھن کی قوت کے نظام سے لیس ہے جو توانائی کی کارکردگی کو نمایاں طور پر بہتر بناتا ہے اور سفر کے دوران کاربن کے اخراج اور آلودگی کو کم کرتا ہے۔
’وین جنگ کو‘ اپنے افتتاحی سفر میں 5 ہزار 700 سے زائد تجارتی اور انجینئرنگ گاڑیاں لے کر برطانیہ میں برسٹول، بیلجیئم میں زیبرگ اور جرمنی میں بریمرہیون جیسی بڑی یورپی بندرگاہوں پر جائے گا۔
