چین کے مشرقی صوبے جیانگ شی کے شہر شن یو کی فِن یی کاؤنٹی میں ایک کسان ڈرون کے ذریعے کھیت میں کھاد چھڑک رہا ہے۔(شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) وزارت زراعت و دیہی امور نے کہا ہے کہ چین 2025 کے دوران پرانی اور خستہ حال زرعی مشینری کو تبدیل کرنے کے لئے سبسڈی کا دائرہ وسیع کرکے اس کا پیمانہ بڑھائے گا۔
وزارت نے منگل کے روز اپنی ویب سائٹ پر ایک بیان میں کہا کہ موجودہ 9 اقسام کی زرعی مشینری کے سبسڈی پروگرام میں 6 نئی اقسام کی مشینری کا اضافہ کیا جائے گا جس میں چاول کی پنیری لگانے والی مشینیں، کھیتوں کے نگراں ٹرمینلز، پودوں کا تحفظ کرنے والے ڈرونز، اناج کو خشک کرنے والی مشینیں، کلر سورٹرز اور فلور ملز شامل ہیں۔
وزارت اور مرکزی حکومت کے 3 دیگر اداروں کے مشترکہ طور پر جاری کردہ بیان کے مطابق چین رواں سال کچھ زرعی مشینری پر سبسڈی کے معیار میں اضافہ جاری رکھے گا۔ مثلاً کپاس چننے والے مشینری کی تبدیلی پر زیادہ سے زیادہ سبسڈی 60 ہزار یوآن (تقریباً 8 ہزار 365 امریکی ڈالر) سے بڑھا کر 80 ہزار یوآن فی یونٹ کردی جائے گی۔
بیان میں زور دیا گیا کہ صوبوں کو زرعی مشینری ختم کرنے اور اپ ڈیٹ کرنے میں معاونت کے لئے مختص انتہائی طویل خصوصی ٹریژری بانڈز کو مؤثر طریقے سے استعمال کرنا اور سبسڈی کے دعووں سے متعلق دھوکہ دہی کی سرگرمیوں سے ہوشیار رہنا چاہئے۔
