ایتھوپیا کے دارالحکومت عدیس ابابا میں پہلے چین-ایتھوپیا فلم و ٹی وی میلے کی افتتاحی تقریب کے دوران ایک فلم کی نمائش کی جارہی ہے ۔(شِنہوا)
عدیس ابا با(شِنہوا) پہلے چین-ایتھوپیا فلم و ٹی وی میلے کا انعقادایتھوپیا کے دارالحکومت عدیس ابابا میں کیا گیا جس کا مقصد برکس کے رکن ممالک کے درمیان فلمی صنعت میں تعاون کے ذریعے ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینا ہے۔
یہ اہم ایونٹ چین اور ایتھوپیا کے درمیان تخلیقی صنعت میں ایک نئی شراکت داری کے قیام کی علامت ہے ۔اس میں ایک دوسرے کی فلموں کو متعارف کرانے، ثقافتی تبادلے مستحکم کرنے ، علم، ٹیکنالوجیز اور تجربات کا اشتراک کرنے پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
ایونٹ سے خطاب کرتے ہوئے ایتھوپیا میں چینی سفیر چھن حئی کا کہنا تھا کہ چین اور ایتھوپیا دونوں قدیم تہذبییں ہیں۔ان کی طویل تاریخ، شاندار ثقافت، خوبصورت قدرتی مناظر اور مختلف نسلی روایات ہیں جو انہیں اعلیٰ معیار کی فلمیں، ڈرامے اورٹی وی شوز بنانے میں معاونت فراہم کر سکتی ہیں۔
چھن نے کہا یہ چین-ایتھوپیا فلم وٹی وی میلہ ایک اہم ایونٹ ہے جو دونوں ممالک کی فلمی صنعتوں، دو طرفہ تعلقات، ثقافتی تبادلوں، باہمی مفاہمت اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دوستی کو فروغ دے گا۔
ایتھوپیا کی وزارت خارجہ میں عوامی سفارتکاری کے ڈائریکٹر جنرل شبرو مامو نے اس میلے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ برکس رکن ممالک کے درمیان عوامی سطح پر تعلقات کو ان کی فلموں، ڈراموں اور ٹی وی شوز کے ذریعے مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
تین روزہ میلے میں مجموعی طور پر 12 چینی اور ایتھوپین فلمیں اور دستاویزی فلمیں پیش کی جائیں گی۔ میلے کی افتتاحی تقریب میں ایک چینی دستاویزی فلم "خوشحالی کا راستہ” کی نمائش کی گئی۔اس میں چین کے تبدیلی سے متعلق ترقیاتی سفر کو پیش کیا گیا تھا اور اس میں عوام کی سخت محنت، لچک اور ترقی کا عزم دکھایا گیا ہے۔
