میانمارکے شہر ینگون میں کرسمس موٹر شو کے دوران شہری چینی برانڈ کی الیکٹرک گاڑیاں دیکھ رہے ہیں-(شِنہوا)
ینگون(شِنہوا)چینی الیکٹرک گاڑیوں (ای وی) کے برانڈز جیسے جے ایم ای وی، بی اے آئی سی اور لیپ موٹر کو رواں سال میانمار میں کرسمس موٹر شو کے دوران مرکزی مقام حاصل رہا۔
20 سے 22 دسمبر تک کرسمس کی آمد پر ینگون میں رئیل اسٹیٹ کی نمائش کے ساتھ ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں نئے ای وی ماڈلز دیکھنے کے خواہشمند افراد کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
تقریب کے منتظم اور میانمار کی ایک کارساز کمپنی کے منیجر سی تھو آنگ نے کہا کہ ہم نے کرسمس کے استقبال کے لئے موٹر شو کا اہتمام کیا۔ یہاں پیش کی جانے والی زیادہ تر گاڑیاں چین کی الیکٹرک گاڑیاں ہیں۔
سی تھو آنگ نے کہا کہ میانمار میں زیادہ تر لوگ ای وی استعمال کر رہے ہیں۔ چینی الیکٹرک گاڑیاں میانمار میں مقبولیت حاصل کر رہی ہیں کیونکہ وہ سستی ہیں اور انہیں ایندھن کی ضرورت بھی نہیں ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ میانمار میں داخل ہونے والی زیادہ تر ای وی گاڑیاں چین کی ہیں۔بی وائی ڈی جیسے چینی برانڈز معیار اور ٹیکنالوجی کے لحاظ سے منڈی کی قیادت کرتے ہیں جس کے باعث وہ صارفین میں تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں۔
سی تھو آنگ نے چارجنگ سٹیشنوں جیسی ضروری بنیادی سہولت کی ترقی کے چیلنجز کو بھی تسلیم کرتے ہوئے کہاکہ اس میں وقت لگے گاتاہم بہت سی کمپنیاں مطلوبہ بنیادی سہولت کی تعمیر پر کام کر رہی ہیں۔
تقریب میں آنے والے مہمانوں نے نمائش میں شریک ای وی میں بہت دلچسپی ظاہر کی۔
سرکاری رپورٹس کے مطابق میانمار میں ای وی کی منڈی میں اضافہ جاری ہے کیونکہ جنوب مشرقی ایشیائی ملک نے 2023 میں الیکٹرک گاڑیوں کے لئے ایک سالہ آزمائشی منصوبہ شروع کیا تھا۔
میانمار کے روڈ ٹرانسپورٹ ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے مطابق اکتوبر 2024 تک ملک میں 5816 برقی کاریں رجسٹرڈ تھیں جن میں 3 مسافر بسیں بھی شامل تھیں۔
