ایک بلٹ ٹرین چین کے شنگھائی کو مشرقی صوبوں جیانگسو اور ژے جیانگ سے جوڑنے والی تیزرفتار ریلوے لائن کے چھنگ پو عظیم پل سے گزررہی ہے۔(شِنہوا)
شنگھائی (شِنہوا) چین میں ایک نئی تیز رفتار ریلوے لائن کی آزمائش شروع ہوگئی ہے جو کہ مشرق میں واقع بلدیہ شنگھائی کو دریائے یانگسی طاس میں جیانگسو اور ژے جیانگ صوبوں سے جوڑتی ہے۔
چائنہ ریلوے شنگھائی گروپ کے مطابق نئی لائن پر پہلی تیز رفتار ٹرین ہفتے کی صبح 9 بجکر 27 منٹ پر شنگھائی کے ہانگ چھیاؤ اسٹیشن سے جیانگسو کے شہر سوژو کے راستے ژے جیانگ کے شہر ہوژو کے لئے روانہ ہوئی۔ بلٹ ٹرین کی رفتار 350 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔
اس کی لمبائی تقریباً 163 کلومیٹر ہے، اس کے 8 اسٹیشنز ہیں جس میں سے 6 نئے تعمیر کردہ ہیں، نئی ریلوے لائن سے دریائے یانگسی طاس میں ترقی کو مزید فروغ ملے گا۔
اس تیز رفتار ریلوے کا آزمائشی آپریشن تقریباً ایک ماہ تک جاری رہے گا، توقع ہے کہ یہ دسمبر کے اختتام تک باضابطہ فعال ہوجائے گی۔
