چین کے وسطی صوبے ہوبے کے شہر یی چھانگ میں مکمل طور پر بجلی سے چلنے والا گیژوبا نامی بڑا مال بردار بحری جہاز لنگر انداز ہے۔(شِنہوا)
ووہان(شِنہوا)چین کے وسطی صوبے ہوبے کے شہر یی چھانگ میں مکمل طور پر بجلی سے چلنے والے گیژوبا نامی بڑے مال بردار بحری جہاز کا افتتاح کر دیا گیا، جو ماحول دوست اور ذہین جہاز رانی کے شعبے میں چین کا ایک اہم سنگ میل تصور کیا جا رہا ہے۔
یہ بحری جہاز 130 میٹر لمبا اور زیادہ سے زیادہ 13 ہزار ٹن وزن اٹھا سکتا ہے، اس میں 12 لیتھیم بیٹریوں کے پاور یونٹس نصب ہیں جو 24 ہزار کلو واٹ آور توانائی فراہم کرتے ہیں۔
جہاز کو تیار کرنے والی کمپنی کا کہنا ہے کہ اس بحری جہاز میں تیز رفتاری سے بیٹری تبدیل کرنے کی سہولت موجود ہے اور یہ 500 کلومیٹر تک کا فاصلہ طے کر سکتا ہے۔
ذہانت کے اعتبار سے اس جہاز میں جدید سمارٹ کنٹرول نظام موجود ہے جس کے ذریعے اسے کسی مرکزی مقام سے کنٹرول کیا جاسکتا ہے اور یہ خودکار طریقے سے لنگر انداز ہو سکتا ہے، یہ نظام متعدد مواصلاتی نیٹ ورکس کے ساتھ منسلک ہے۔
چائنیز اکیڈمی آف انجینئرنگ کے رکن یان شی پھنگ نے نشاندہی کی کہ یہ منصوبہ کسی واحد چیز کی اختراع سے کہیں بڑھ کر ہے کیونکہ یہ بڑی صلاحیت کی حامل بیٹریوں اور تقسیم شدہ ڈی سی پاور نظام جیسی بنیادی ٹیکنالوجیز کی کامیابی سے تصدیق کرتا ہے۔
توقع ہے کہ یہ بحری جہاز سالانہ 617 ٹن ایندھن کی بچت کرے گا اور اس سے کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں سالانہ 2052 ٹن کمی واقع ہو گی۔




