چین کے شمال مغربی سنکیانگ ویغور خودمختار علاقے کے ہورگوس ریلوے بندرگاہ پر کسٹمز کا عملہ چین-یورپ مال بردار ٹرین کا معائنہ کر رہا ہے-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین نے یورپی یونین (ای یو) پر زور دیا ہے کہ وہ فوری طور پر روس کے خلاف پابندیوں کے اپنے 19 ویں پیکیج میں چینی اداروں کو شامل کرنے کا عمل بند کرے۔
چین کی وزارت تجارت کے ترجمان نے میڈیا کے سوالات کے جواب میں کہا کہ چین کی مذاکرات کی بارہا کوششوں کے باوجود یورپی یونین نے اپنا رویہ تبدیل کرنے سے انکار کر دیا ہے اور ایک بار پھر روس کے خلاف پابندیوں کے 19 ویں پیکیج میں چینی اداروں کو شامل کر لیا ہے، اس کے علاوہ پہلی بار بڑے چینی آئل ریفائنریوں اور تاجروں پر بھی پابندیاں عائد کی ہیں۔ ترجمان نے ان اقدامات پر چین کی شدید ناراضی اور سخت مخالفت کا اظہار کیا۔
ترجمان کے مطابق چین ہمیشہ سے یکطرفہ پابندیوں کی مخالفت کرتا آیا ہے جو بین الاقوامی قانون میں کسی قانونی جواز یا اقوام متحدہ کی منظوری کے بغیر عائد کی جاتی ہیں۔ یورپی یونین کے یہ اقدامات چین اور یورپی یونین کے رہنماؤں کے درمیان طے شدہ اتفاق رائے کی روح کے منافی ہیں، دوطرفہ اقتصادی و تجارتی تعاون کو نقصان پہنچاتے ہیں اور عالمی توانائی کے تحفظ پر منفی اثر ڈالتے ہیں۔
چین نے یورپی یونین سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر چینی اداروں کو اس طرح کی پابندیوں میں شامل کرنا بند کرے اور خبردار کیا کہ وہ غلط راستے پر مزید آگے نہ بڑھے۔ ترجمان نے کہا کہ چین اپنے اداروں کے جائز حقوق و مفادات، توانائی کے تحفظ اور اقتصادی ترقی کے دفاع کے لئے ضروری اقدامات کرے گا۔




