نیدر لینڈز کے شہر ہیگ میں قائم بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کی عمارت کا بیرونی منظر۔(شِنہوا)
دی ہیگ(شِنہوا)بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی جے) نے کہاہے کہ اسرائیل اقوام متحدہ کے اداروں کی طرف سے کی جانے والی مدد سمیت غزہ میں انسانی امداد کی ترسیل یقینی بنانے کا پابند ہے۔
عدالت نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی (یو این جی اے) کی درخواست پر جاری کئے گئے اپنے قانونی طور پر غیر پابند مشاورتی رائے میں کہا کہ اسرائیل بطور قابض طاقت انسانی امداد کے بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کا پابند ہے۔
عدالت نے کہا کہ چوتھے جنیوا کنونشن کے آرٹیکل 59 کے تحت اسرائیل پر امدادی منصوبوں سے اتفاق کرنا اور ان کے لئے مدد فراہم کرنا لازم ہے کیونکہ غزہ کی آبادی کو ناکافی رسد فراہم کی گئی ہے۔
جج نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ خوراک، پانی، کپڑے، بستر، پناہ، ایندھن، طبی سازوسامان اور خدمات سمیت مقبوضہ فلسطینی علاقے میں ضروریات زندگی کی بنیادی اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنائے۔
عدالت نے کہا کہ قابض طاقت سکیورٹی کا بہانہ بنا کر مقبوضہ علاقے میں انسانی ہمدردی کی تمام سرگرمیوں کو معطل نہیں کرسکتی۔
عدالت نے مزید کہا کہ اسرائیل پر لازم ہے کہ وہ تمام امدادی، طبی عملے اور اداروں کا احترام کرے اور ان کا تحفظ یقینی بنائے اور شہری آبادی کو بھوک کا شکار بنانے کوجنگی طریقے کے طور پر استعمال کرنے پر پابندی عائد کی جائے۔




