اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے مولانا فضل الرحمن کیساتھ اتحاد جاری رکھنے کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ لوگوں کو دوام بخشنے کیلئے غیر آئینی ترامیم کی جارہی ہیں، سیاست میں معافیاں مانگنے کی شرائط نہیں رکھتے، راستے بند کئے بغیر آگے بڑھنا چاہئے۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ مولانافضل الرحمن زیرک سیاستدان ہیں، ان کے ساتھ ہمارا اتحاد جاری رہے گا، مجوزہ آئینی ترامیم کیخلاف ہماری جدوجہد ان کے ساتھ ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں کو دوام بخشنے کیلئے یہ ترامیم لے کر آ رہے ہیں جو غیر آئینی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم اس بات پر متفق ہو چکے کہ عدلیہ سے متعلق قانون سازی پر ہمارا ایک موقف ہو گا۔ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کسی ادارے پر حملہ کیا، نہ کریں گے،نہ ہی یہ ان کیلئے مناسب ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے سیاسی مخالفین ہیں جن بارے وہ باتیں کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں آپ ایک دوسرے کو یہ شرائط نہیں رکھتے کہ معافیاں مانگیں،سیاست میں راستے بند کئے بغیر آگے بڑھنا چاہئے۔
