ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا میں ایتھوپین ایئر لائنز کا ’’ایتھوپیا، آغاز کی سرزمین‘‘ نامی اے 350-1000 مسافر طیارہ بولے انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر لینڈ کررہا ہے-(شِنہوا)
ادیس ابابا(شِنہوا)حال ہی میں چین کے شہر ارمچی کے لئے شروع کی گئی کارگو فلائٹ سروس افریقہ اور ایشیا کے درمیان ایک "اہم کارگو راہداری” کے طور پر کام کرے گی۔
افریقہ کی سب سے بڑی ایئر لائن اور دنیا کے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے ایئر لائن برانڈز میں سے ایک ایتھوپین ایئر لائنز کے ایگزیکٹو دیریجے دیریرو نے شِنہوا کو حالیہ انٹرویو میں کہا کہ کمپنی کو چین کے لئے اپنی 11ویں راہداری متعارف کروانے پر فخر ہے۔
دیریرو کے مطابق ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا اور چین کے شمال مغربی سنکیانگ ویغور خود مختار علاقے کے دارالحکومت ارمچی کے درمیان شروع کی گئی نئی کارگو سروس ہفتے میں 2 دن چلے گی۔ یہ سروس چین اور افریقہ کے درمیان تجارت اور سماجی و معاشی تعاون کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ افریقہ-ایشیا کے وسیع تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط کرنے میں "بہت سے فوائد” فراہم کرے گی۔
دیریرو نے کہا کہ 27 جون کو شروع ہونے والی نئی سروس افریقہ کے وسیع براعظم کو چین کے شمال مغربی علاقے سے براہ راست جوڑنے والا پہلا کارگو فضائی راستہ ہے جو سامان کی موثر نقل و حمل کے ذریعے دونوں فریقوں کے درمیان تجارتی تعاون کو بڑھائے گا۔
دیریرو نے کہا کہ ایتھوپین ایئر لائنز اس وقت ایشیا کے 27 مقامات پر ہفتہ وار 190 سے زائد پروازیں چلاتی ہے جن میں چین کے 11 شہروں کے لئے 83 ہفتہ وار مسافر اور کارگو پروازیں شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ نیا کارگو روٹ افریقہ-ایشیا روابط کو مضبوط کرنے اور ادیس ابابا کو اہم عالمی کارگو مرکز بنانے کے ایتھوپیا کے مشن میں ایک اور سنگ میل ہے۔
