چینی صدر شی جن پھنگ یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا اور یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیرلی یین سے بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں ملاقات کر رہے ہیں-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چینی صدر شی جن پھنگ نے کہا ہے کہ چین اور یورپی یونین کو کھلے پن اور تعاون کو برقرار رکھنا چاہیے اور باہمی اختلافات کو مناسب طریقے سے حل کرنا چاہیے۔
شی نے بیجنگ میں 25 ویں چین-ای یو سربراہ اجلاس میں شرکت کے لئے آئے یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا اور یورپی کمیشن کے صدر ارسولا وان ڈیر لی یین سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ اور حقیقت اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ باہمی انحصار کوئی خطرہ نہیں اور باہم جڑے مفادات کوئی دھمکی نہیں ہوتے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسابقت کو بڑھانے کے لئے دیواریں یا رکاوٹیں کھڑی کرنا مناسب نہیں کیونکہ ترک تعلق اور سپلائی چین کو کاٹنا صرف اپنی تنہائی کا باعث بنے گا۔
شی نے زور دیا کہ انحصار کم کرنا چین-ای یو تعاون میں کمی کا بہانہ نہیں بننا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ چین اور یورپی یونین کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعلقات فطری طور پر تکمیلی اور باہمی فائدہ مند ہیں اور ترقی کے ذریعے ان میں متحرک توازن پیدا کیا جاسکتا ہے۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ چین کی اعلیٰ معیار کی ترقی اور وسعت چین-ای یو تعاون کے لئے نئے مواقع اور امکانات پیدا کرے گی۔ انہوں نے فریقین پر زور دیا کہ وہ ماحول دوست اور ڈیجیٹل شراکت داری کو مضبوط کریں اور باہمی سرمایہ کاری اور تعاون کو فروغ دیں۔
چینی صدر نے امید ظاہر کی کہ یورپی یونین تجارتی اور سرمایہ کاری کے میدان میں کھلا رویہ برقرار رکھے گی، معاشی اور تجارتی رکاوٹوں والے اقدامات سے گریز کرے گی اور یورپی یونین میں سرمایہ کاری اور کاروبار کرنے والی چینی کمپنیوں کے لئے سازگار ماحول فراہم کرے گی۔
