اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے دہشت گردی کیخلاف پیغام امن کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کیلئے دہشت گردی کیخلاف شیلڈ ،تدارک کیلئے غیر معمولی اقدامات کئے ہیں، 9مئی واقعات میں ملوث ملزمان کے خلاف شواہد موجود تھے۔
جمعرات کو تقریب سے خطاب و صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عطاء تارڑ نے کہا کہ دہشتگردی صرف پاکستان کا نہیں پوری دنیا کا مسئلہ ہے، دہشتگردوں کا کوئی مذہب، رنگ اور نسل نہیں ہوتی،ہم واحد ملک ہیں جہاں سکولوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دہشتگردی کے تدارک کیلئے غیر معمولی اقدامات کئے ہیں، پاکستان دنیا کیلئے دہشتگردی کے خلاف ایک شیلڈ ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف نیا اقدام پیغام امن کا اعلان کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کا واقعہ افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے کہتے ہیں ہم ریاست مدینہ کی بات کر رہے تھے تو ہمیں 190ملین پاؤنڈ کیس میں سزا ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ 190ملین پاؤنڈ کیس کا جواب مذہبی یا ریاست مدینہ نہیں،آپ قوم کو بتائیں کہ آپ نے بزنس ٹائیکون کے اربوں روپے کس طرح استعمال کئے؟، بانی پی ٹی آئی اس کیس میں اپنے حق میں کوئی شواہد پیش نہیں کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے بچوں کا حق ہے کہ وہ مہم چلائیں، وہ جہاں جا رہے ہیں لوگوں کو بتائیں ہمارے والد کو 190ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں سزا ہوئی ہے ۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ9مئی واقعات میں ملوث ملزمان کیخلاف شواہد ،سی سی ٹی وی فوٹیج موجود تھیں، یہ معلوم تھا کہ ان واقعات میں کون ملوث تھے؟۔
