نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں نیا رول متعارف ہوگیا،نئی پالیسی کے تحت نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کیمپ کے علاوہ کھلاڑیوں کو رہائش اور کھانا اپنا کرنا ہوگا۔
ٹی ٹوئنٹی اسپیشلسٹ کے نام سے چھ سے سات کھلاڑی روز این سی اےمیں ٹریننگ کرتےہیں،کھلاڑی ٹریننگ کرکےدوپہرکا کھانا مانگنے گئے تو نئی پالیسی کے بارے میں آگاہ کردیا گیا،کھانا کھانا ہے تو آپکو پیسے دینے پڑینگے ،این سی اے کے کچن والوں نے کھلاڑیوں کو آگاہ کیا۔
کچن عملے نے بتایا کہ ہدایت آئی ہےکہ جب تک کیمپ نہیں ہوتا تب تک آپ پیسے دے کر کھانا کھائیں گے،، آٹھ سے دس ہزار روپے فی کس کھانے کے ادا کرنے ہونگے۔
خیال رہےکہ عرفات منہاس،خواجہ نافع،محمد وسیم جونئیر،محمد نعیم ،فائق بٹ سمیت نسیم شاہ اور بابر اعظم بھی این سی اے میں آج کل ٹریننگ کررہے ہیں،ٹی ٹوئنٹی اسپیشلسٹ کھلاڑی منصور رانا،عاقب جاوید اور ہمایوں فرحت کی زیر نگرانی ٹریننگ کررہے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی اسپیشلسٹ کھلاڑیوں کاکیمپ 28 یا 29 جولائی سے لاہورمیں لگائے جانے کا امکان ہے،26 جولائی کو پاکستان شاہینز کے کھلاڑی بھی رپورٹ کرینگے۔
