چینی نائب وزیر تجارت اور چینی نائب بین الاقوامی تجارتی نمائندہ لنگ جی کی فائل فوٹو۔(شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) نائب وزیر تجارت اور نائب چینی بین الاقوامی تجارتی نمائندے لنگ جی نے کہا ہے کہ چین اعلیٰ معیار کے کھلے پن میں توسیع کو جاری رکھےگا اور غیر ملکی سرمایہ کاری سے قائم اداروں کے جائز حقوق اور مفادات کا تحفظ کرتا رہے گا ۔
بیجنگ میں ایک گول میز مذاکرے میں انہوں نے کہا کہ امریکہ کے یکطرفہ اقدامات اور ضرورت سے زیادہ ٹیکس نافذ کرنے کی بدمعاشی پر مبنی اقدامات نے عالمی برادری میں سخت اضطراب پیدا کردیا ہے۔
اس گول میز مذاکرے میں غیرملکی سرمایہ کاری سے قائم 80 سے زائد اداروں اور چین میں غیر ملکی چیمبرز آف کامرس کے نمائندے شریک ہوئے۔
لنگ نے کہا کہ امریکہ کے ایسے اقدامات نے قواعد پر مبنی کثیر الجہتی تجارتی نظام اور عالمی اقتصادی و تجارتی نظام کو شدید نقصان پہنچایا ہے جس سے عالمی صنعتی اور سپلائی چین کے استحکام میں خلل پڑا اور چین سمیت مختلف ممالک کی کمپنیاں اس سے متاثر ہوئیں۔
چینی عہدیدار نے امید ظاہر کی کہ غیر ملکی سرمایہ کاری سے قائم ادارے معقول رائے ظاہر کرتے ہوئے پر اعتماد رہیں گے، مشکلات کا مقابلہ کریں گے، بحرانوں کو مواقع میں بدلیں گے اور یکطرفہ اقدامات اور تحفظ پسندی پر قابو پانے کے لئے مل کر کام کریں گے۔
