عادی مجرمان اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کو ٹریکنگ ڈیوائس پہنانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
محکمہ داخلہ پنجاب امن و امان کے قیام اورجرائم پیشہ افراد کی نگرانی کیلئے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو 1500 ٹریکنگ ڈیوائسز کو تقسیم کرے گا۔ سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کو ٹریکنگ بینڈز پہنائے جائیں گے۔
ٹریکنگ ڈیوائسز، محکمہ انسداد دہشتگردی، پرول ڈیپارٹمنٹ اورکرائم کنٹرول کودی جائیں گی، محکمہ داخلہ1500دستیاب ٹریکنگ ڈیوائسز کو قانون نافذ کرنیوالے اداروں میں تقسیم کررہا ہے۔
نئے تشکیل شدہ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کو500ٹریکنگ بینڈز دیےجائیں گے، سی ٹی ڈی کو900ٹریکنگ بینڈز جبکہ پرول ڈیپارٹمنٹ کو100 بینڈز دینے کی منظوری دیدی گئی۔ ٹریکنگ بینڈز پہننے والے مجرمان کی نقل وحرکت پر24گھنٹے نظر رکھی جاسکے گی۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب نے جدید ٹیکنالوجی سے لیس ٹریکنگ ڈیوائسز درآمد کرنے کی ہدایت کی، جرائم پیشہ افراد کو سرویلنس میں رکھنے کیلئے عالمی سطح پر رائج طریقہ کار اپنائے جائیں گے۔ ماہرین نے مجرمان کی بلا تعطل نگرانی کیلئے مائیکرو ٹریکنگ چپ نصب کرنے کی سفارش کی ہے۔
