برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں بی ایف آئی آئی میکس تھیٹر میں نمائش سے قبل ایک شخص چینی اینیمیٹڈ فلم ’’نی جا 2‘‘ کے پوسٹر کے قریب سے گزر رہا ہے۔(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)’’نی جا‘‘ اینیمیٹڈ فلم فرنچائز نے چینی فلمی صنعت کا ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کیا ہے جس کی باکس آفس کی مجموعی آمدنی 20 ارب یوآن(تقریباً 2.79 ارب امریکی ڈالر) سے تجاوز کر گئی ہے۔
اس سلسلے کی تازہ ترین فلم ’’نی جا 2‘‘ نے اتوار کی سہ پہر تک 15.3 ارب یوآن سے زائد کی آمدنی حاصل کی جبکہ اس کی 2019 کی فلم نے مزید 5.035 ارب یوآن کی آمدن حاصل کی۔
اس شاندار کامیابی نے ڈائریکٹر یانگ یو کو چینی سینما کی تاریخ کا پہلا فلم ساز بنا دیا ہے جس کی فرنچائز کی مجموعی باکس آفس آمدن 20 ارب یوآن سے زائد ہو گئی۔
چینی مین لینڈ پر’’نی جا 2‘‘ کی نمائش 30 اپریل تک بڑھا دی گئی ہے۔
چینی بلاک بسٹر فلم نے عالمی سطح پر بھی تہلکہ مچا دیا جو پری سیلز اور غیر ملکی آمدنی سمیت عالمی باکس آفس چارٹ پر پانچویں نمبر پر ہے۔
نئے چینی سال کے دوران 29 جنوری کو ریلیز ہونے والی ’’نی جا 2‘‘ صرف 9 روز میں چین کے اب تک کے باکس آفس چارٹ میں سرفہرست آنے کے بعد 18 فروری کو عالمی سطح پر اب تک کی سب سے زیادہ آمدن حاصل کرنے والی اینیمیٹڈ فلم بن گئی ہے۔
