اتوار, جولائی 27, 2025
تازہ ترینچین کی ہائی نان ایئرلائنز نے اوسلو۔بیجنگ براہ راست روٹ کا آغاز...

چین کی ہائی نان ایئرلائنز نے اوسلو۔بیجنگ براہ راست روٹ کا آغاز کردیا

ناروے کی اکیرشس کاؤنٹی میں اوسلو گارڈرموئن انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بیجنگ اور اوسلو کے درمیان ہائی نان ایئرلائنز کی براہ راست پرواز کے روٹ کی افتتاحی تقریب کا منظر۔(شِنہوا)

اوسلو(شِنہوا)چین کی فضائی کمپنی ہائی نان ایئر لائنز نے بیجنگ اور اوسلو کے درمیان براہ راست پرواز کے روٹ کا آغاز کیا ہے جس سے چین اور شمالی یورپ کے درمیان فضائی رابطہ مزید مستحکم ہوگا۔

بیجنگ کیپیٹل انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پرواز ایچ یو 769 مقامی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 2 منٹ پر اوسلو گارڈر موئن انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتری۔ نئے روٹ کے افتتاح کے حوالے سے ہوائی اڈے پر استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی۔

ناروے میں چین کی سفیر ہو یوئے نے اپنے کلمات میں کہا کہ براہ راست روٹ کا آغاز دوطرفہ اقتصادی، تجارتی، ثقافتی اور سیاحتی تعاون کو مزید گہرا کرنے میں مدد دے گا۔ یہ روٹ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی سفری طلب کو بہتر طریقے سے پورا کرے گا اور عوامی سطح پر تبادلوں اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دے گا۔

ہو یوئے نے ناروے کے مزید سیاحوں کا پرتپاک خیرمقدم کیا کہ وہ چین آکر اس کے شاندار مناظر اور عظیم ثقافتی ورثے کو دیکھیں۔

ہائی نان ایئر لائنز کے نائب صدر ژانگ گو پنگ نے کہا کہ ان کی فضائی کمپنی دونوں ممالک کے مسافروں کے لئے ایک آسان سفری انتخاب فراہم کرنا چاہتی ہے۔ کمپنی موثر فضائی نقل و حمل کے ذریعے ناروے کی سمندری خوراک اور دیگر خصوصی مصنوعات کو چینی منڈی تک پہنچانے میں معاونت بھی کرنا چاہتی ہے۔

اوسلو۔بیجنگ روٹ چین کو شمالی یورپ سے منسلک کرنے والی ہائی نان ایئر لائن کی پہلی براہ راست سروس ہے۔ پروازوں کے موجودہ شیڈول کے مطابق ہائی نان ایئر لائنز اس روٹ پر ہفتے میں 3دوطرفہ پروازیں چلائے گی جس میں بیجنگ اور اوسلو سے بالترتیب ہر منگل، جمعرات اور ہفتہ کو پروازیں روانہ ہوں گی۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!