چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بانی کی رہائی عدالت کے ذریعے چاہتے ہیں، غیر آئینی اقدام سے جمہوریت کو نقصان پہنچے گا، سیاسی اختلاف کو نفرت میں تبدیل نہیں ہونا چاہئے، فریقین کو مل بیٹھنا ہوگا۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عدالت وہ ہوتی ہے جو انصاف فراہم کرے، تاہم 3 کروڑ ووٹ لینے والوں کو بھی انصاف نہیں دیا گیا، سیاست میں بہتری کیلئے تمام فریقین کو مل بیٹھنا ہوگا، سیاسی اختلاف کو نفرت میں تبدیل نہیں ہونا چاہئے، ملک میں بہتری لانا ہوگی، حالات کو مزید طول نہیں دینا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ بانی کی صحت سے متعلق اہل خانہ کو تسلی کروانا ضروری ہے، اگر اہل خانہ کو ساتھ رکھا جاتا تو کیا مسئلہ پیدا ہو جاتا؟ ہمیں پیغام دیا گیا کہ بانی کو انجکشن لگا دیا گیا ہے، اس مرتبہ ڈاکٹر سے براہِ راست بات نہیں ہوئی، بعد ازاں اطلاع دی گئی کہ انہیں واپس بھجوا دیا گیا ہے اور ان کی صحت بہتر ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج تیرہواں موقع ہے جب ہم چیف جسٹس کے سامنے پیش ہوئے ، یہ کافی نہیں کہ صرف فرینڈ آف دی کورٹ کو بھیج دیا جائے، اہل خانہ کی ملاقات اہم ہے، ہمیں ملاقات کا موقع دیا جانا چاہئے، سپریم کورٹ میں اب بھی ہمارے کیسز زیر سماعت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رہائی فورس کے معاملے پر پارٹی کو کچھ تحفظات ہیں اور اس پر مشاورت کی گئی ہے، اس کے سیاسی اثرات ہوں گے، صوبائی معاملات پر وزیراعلی پارٹی کو اعتماد میں لیتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کسی بھی موقع پر ایسا قدم نہیں اٹھائے گی جس سے جمہوریت کو نقصان پہنچے، ہم چاہتے ہیں کہ رہائی عدالت کے ذریعے ہو، کسی غیر آئینی اقدام کے ذریعے نہیں، پی ٹی آئی سڑکوں سمیت ہر فورم پر اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔




