اتوار, جولائی 27, 2025
انٹرٹینمنٹپاکستان چینی اینیمیٹڈ فلم "نی جا 2" کے خیرمقدم کا خواہاں، معروف...

پاکستان چینی اینیمیٹڈ فلم "نی جا 2” کے خیرمقدم کا خواہاں، معروف ڈسٹری بیوٹر

چین کے دارالحکومت بیجنگ کے ضلع چھاؤیانگ کے ایک سینما میں چینی اینیمیٹڈ فلم "نی جا 2” کے پوسٹرآویزاں ہیں۔(شِنہوا)

اسلام آباد(شِنہوا)ایک معروف ڈسٹری بیوٹر کا کہنا ہے کہ پاکستانی ناظرین چینی اینیمیٹڈ بلاک بسٹر فلم ”نی جا 2” کی ریلیز کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ فلم کو پاکستان کے سینما گھروں میں لانے کے لئے کوششیں جاری ہیں ۔

پاکستان کی فلم ڈسٹری بیوشن کمپنی ڈسٹری بیوشن کلب کے چیئرمین شیخ امجد رشید نے شِنہوا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ عوام کے اصرار پر وہ فلم کے ڈسٹری بیوٹرز سے رابطے میں ہیں تاکہ ”نی جا 2” کو پاکستانی سینما گھروں میں متعارف کرایا جا سکے۔

”نی جا 2” ڈزنی کی 2024 کی فلم ”انسائیڈ آؤٹ 2” کو پیچھے چھوڑتے ہوئے عالمی سطح پر اب تک کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی اینیمیٹڈ فلم بن گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان نسل پہلے ہی چینی اداکاروں، گلوکاروں، ڈراموں اور کھیلوں کی مداح ہیں لیکن اس کے باوجود چینی فلمیں ابھی تک ہمارے سینما گھروں میں اپنی جگہ نہیں بنا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ”نی جا 2” کو عالمی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے، یہ پاکستان میں چینی فلموں کو متعارف کرانے کا صحیح وقت ہے۔

شیخ امجد نے کہا کہ فلم پہلے ہی اپنی دلچسپ کہانی، اعلیٰ معیار کی اینیمیشن اور حیرت انگیز بصری اثرات کے ساتھ دنیا بھر کے ناظرین کو اپنی طرف متوجہ کراچکی ہے اور پاکستانی ناظرین کے لئے چینی اینیمیشن کا شاہکار دیکھنا دلچسپ ہوگا جو عالمی فلمی صنعت میں ملک کی بڑھتی ہوئی صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان میں 400 سے زائد فلمیں ڈسٹری بیوٹ کی ہیں۔ غیر ملکی فلموں میں اینیمیٹڈ فلموں نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس کی مضبوط کہانی، حیرت انگیز اینیمیشن اور عالمی معیار کے بصری اثرات کو دیکھتے ہوئے ہمیں امید ہے کہ ”نی جا 2” پاکستان میں بہت بڑی کامیابی حاصل کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اتنی فلمیں تیار نہیں کی جاتیں کہ وہ سالانہ طلب کو پوراکرسکیں اور مقامی سینما گھروں میں بالی ووڈ فلموں کی ریلیز پر پابندی نے ملکی سینما کی صنعت میں ایک خلا پیدا کر دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے حال ہی میں 2 مرتبہ چین کا دورہ کیا جہاں انہوں نے چینی مواد کو پاکستان لانے کے لئے چینی ڈسٹری بیوٹرز کے ساتھ معاہدوں پر دستخط کئے، اینیمیٹڈ بلاک بسٹر فلم کی ریلیز اس تعاون کا آغاز ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم فلم کو انگریزی میں ریلیز کرنے اور اسے اردو میں ڈب کرنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ ناظرین اس فلم کو دیکھ سکیں ۔

شیخ امجد رشید  نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات مسلسل فروغ پا رہے ہیں اور سینما کے ذریعے ثقافتی تبادلے سے دونوں ممالک کے عوام کو مزید قریب لانے میں مدد ملے گی۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!