اتوار, جولائی 27, 2025
انٹرنیشنللاس اینجلس میں جنگل کی نئی آتشزدگی نے 10 ہزار ایکڑ رقبہ...

لاس اینجلس میں جنگل کی نئی آتشزدگی نے 10 ہزار ایکڑ رقبہ جلا ڈالا

امریکی ریاست کیلیفورنیا کی لاس اینجلس کاؤنٹی میں آتشزدگی سے تباہ ہونے والے علاقوں کی جانب جانے والی بند سڑک پرپولیس افسران کھڑے ہیں-(شِنہوا)

لاس اینجلس(شِنہوا)امریکی ریاست کیلیفورنیا کی لاس اینجلس کاؤنٹی میں بدھ کے روز نئی آگ بھڑک اٹھی۔ کیلیفورنیا کے محکمہ جنگلات اور فائر پروٹیکشن (کیل فائر) کے مطابق جنگل کی آگ سے بدھ کی رات تک 10ہزار ایکڑ (40 مربع کلومیٹر) سے زیادہ علاقہ جل کر خاکستر ہوا۔

یہ آگ لاس اینجلس سے تقریباً 80 کلومیٹر شمال مغرب میں واقع کاسٹیک جھیل کے قریب لیک ہیوجز روڈ کے علاقے میں مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بجے لگی۔ یہ  6 گھنٹے سے بھی کم وقت میں 8000 ایکڑ (32 مربع کلومیٹر) تک تیزی سے پھیلی اور کاؤنٹی لائن کو عبور کرکے ہمسایہ وینچر کاؤنٹی تک پہنچ گئی۔

کیل فائر کے مطابق بدھ کی رات تک آگ پر 14 فیصد قابو پا لیا گیا تھا۔ لاس اینجلس کاؤنٹی فائر ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ انتھونی مارون نے بدھ کی شام ایک پریس بریفنگ میں بتایا کہ کسی عمارت کو نقصان پہنچنے یا تباہ ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔

لاس اینجلس کاؤنٹی کے شیرف رابرٹ لونا نے بتایا کہ علاقے میں تقریباً 31 ہزار رہائشیوں کو انخلا کے احکامات جاری کئے گئے ہیں جبکہ 23 ہزار افراد کو انخلا کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔

مارون کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس آگ بجھانے والے 4 ہزار سے زائد اہلکار ہیں جو اپنی ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ  صورتحال گھمبیر ہے اور آگ پر قابو پانا مشکل ہے تاہم  ہمیں کامیابی مل رہی ہے۔

کاسٹیک میں حراستی مرکز نے 476 قیدیوں کو قریبی نارتھ کاؤنٹی اصلاحی مرکز میں منتقل کیا۔

یو ایس فاریسٹ سروس کے مطابق اینجلس نیشنل فاریسٹ کا پورا علاقہ جمعہ کے روز عام لوگوں کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔

لاس اینجلس کاؤنٹی میں رواں ماہ آگ لگنے کے واقعات پیش آئے ہیں۔ امریکہ کی سب سے زیادہ آبادی والی کاؤنٹی میں سب سے بڑی پالیسیڈز اور ایٹن آگ سے 28 افراد ہلاک ہوئے، بڑے پیمانے پر نقل مکانی کرنی پڑی اور ہزاروں عمارتیں تباہ ہوئیں۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!