اٹلی،سائنس، ٹیکنالوجی اور جدت طرازی کے حوالے سے نیپلزمیں منعقدہ13 ویں چین-اٹلی ویک کی تقریب میں شہری شریک ہیں-(شِنہوا)
میلان(شِنہوا)چینی اور اطالوی حکام نے کاروباری رہنماؤں کے ساتھ مل کر اٹلی میں چینی کاروباری اداروں کے 2024 کی ترقیاتی رپورٹ کے اجرا کی تقریب میں تعاون اور باہمی خوشحالی کو مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اٹلی میں چینی ایوان تجارت (سی سی سی آئی ٹی) کے صدر یان ڈونگ نے لومبارڈی علاقے کے دارالحکومت میلان میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں تحفظ پسند پالیسیوں اور ریگولیٹری رکاوٹوں جیسے چیلنجز کے باوجود اٹلی کی سرمایہ کاری، محصولات اور روزگار میں چینی کاروباری اداروں کی اہم شراکت کو اجاگر کیا۔
یان ڈؤنگ نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ یہ رپورٹ باہمی تفہیم میں اضافہ کرے گی اور مضبوط باہمی تعاون کو فروغ دے گی۔
92 رکن کمپنیوں کے سروے کے اعداد و شمار پر مبنی یہ رپورٹ اٹلی میں چینی کاروباری اداروں کا پہلا جامع مطالعہ ہے۔ اس میں ان کی آپریشنل حیثیت، شراکت اور چیلنجز کی تفصیل شامل ہے۔
میلان میں چینی قونصل جنرل لیو کان نے اس رپورٹ کو پالیسی سازوں اور کاروباری رہنماؤں کے لئے ایک اہم وسیلہ قرار دیا۔
لیو کان نے پرامن ترقی اور باہمی خوشحالی کے لئے چین کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ چین اٹلی اور دنیا کے ساتھ اپنے ترقیاتی مواقع کا اشتراک کرنے، عالمی آزاد تجارت کے تحفظ اور صنعتی اور سپلائی چین کے استحکام کو یقینی بنانے کو تیار ہے۔
اٹلی کی وزارت کاروبار اور میڈ ان اٹلی کے نمائندے اینڈریا ٹیبیلا نے باہمی ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنے اور سی سی سی آئی ٹی کے ساتھ مضبوط تعاون کے لئے وزارت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس رپورٹ سے اٹلی میں چینی کاروباری اداروں کومدد ملے گی۔
لومبارڈی علاقے کے سیکرٹری جنرل رافیلے کیٹانیو نے چین اٹلی اقتصادی تعلقات میں خطے کی تزویراتی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ یہ خطہ اٹلی میں 50 فیصد سے زیادہ چینی سرمایہ کاری کو راغب کرتا ہے اور سروے میں شامل 60 فیصد سے زائد کمپنیاں اگلے3 سالوں میں اپنی سرمایہ کاری بڑھانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
2021 میں قائم ہونے والا سی سی سی آئی ٹی اٹلی میں چینی کاروباری اداروں کی نمائندگی کرنے والی سرکاری طور پر تسلیم شدہ واحد تنظیم ہے۔ اس کے 120 سے زائد ارکان ہیں جو فنانس، ٹیلی کمیونیکیشن، ٹیکنالوجی اور مینوفیکچرنگ پر محیط ہیں۔
افتتاحی تقریب میں تقریباً 150 شرکاء نے شرکت کی جن میں چینی اور اطالوی کاروباری اداروں اور سرکاری اداروں کے نمائندے شامل تھے۔

شنہوا
- شنہوا#molongui-disabled-link
- شنہوا#molongui-disabled-link
- شنہوا#molongui-disabled-link
- شنہوا#molongui-disabled-link