پاکستان اور رومانیہ نے دفاعی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے رومانیہ کے سٹیٹ سیکرٹری آف ڈیفنس ایڈورڈ بچائیڈے اور چیف آف ڈیفنس جنرل گیورگیتسا ولاد سے ملاقات کی جس میں دفاعی تعلقات، مشترکہ مشقوں، تربیتی تبادلوں اور آپریشنل تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنمائوں نے دفاعی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق ائیر چیف ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ پاکستان رومانیہ کے ساتھ اپنے سفارتی و عسکری تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور انہیں مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے، علاقائی امن و سلامتی کیلئے پاکستان اور رومانیہ کے موقف میں ہم آہنگی ہے۔
سربراہ پاک فضائیہ نے مشترکہ چیلنجز کے تناظر میں دوطرفہ فوجی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ تعاون کو مزید آگے بڑھانے کیلئے نئے شعبوں میں اشتراک اور عملی ہم آہنگی کے مواقع تلاش کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق اس موقع پر رومانیہ کے سیکرٹری دفاع نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور کارکردگی کو سراہا اور طویل المدتی دفاعی شراکت داری کے فروغ کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رومانیہ کو پاک فضائیہ کے وسیع تجربے سے سیکھنے میں گہری دلچسپی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق رومانیہ کے چیف آف ڈیفنس نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے مشترکہ مشقوں، تربیتی تبادلوں اور پیشہ ورانہ ترقیاتی پروگراموں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔




