نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی ہنگری کے وزیر خارجہ پیٹر سیجارٹو سے ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماوں نے پاکستان اور ہنگری کے تعلقات کو نئی جہت دینے پر زور دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے سائیڈ لائنز پر ہو نے والی ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا، ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری اور اعلی تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کااعادہ بھی کیا گیا۔
قبل ازیں اسحاق ڈار کی کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند سے ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، دوطرفہ تعلقات پر اظہار اطمینان کیا گیا اور تجارت و اقتصادی تعلقات مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
نائب وزیراعظم او نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کے موقع پر گلف کوآپریشن کونسل کے سیکریٹری جنرل جاسم محمد البدایوی سے ملاقات کی۔
نائب وزیراعظم نے پاکستان کے جی سی سی کے ساتھ تعلقات کی اہمیت اجاگر کی اور رکن ممالک کے ساتھ متعدد شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ دونوں فریقین مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور ادارہ جاتی روابط کو وسعت دینے کے لیے مشترکہ اقدامات کریں گے۔
