ملک میں سیمنٹ کی مقامی کھپت میں رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں سالانہ بنیاد پر10فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن اور انڈسٹری کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ملک میں 9.17ملین ٹن سیمنٹ کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 10فیصد زائد ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں 8.32ملین ٹن سیمنٹ کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔
اعدادوشمار کے مطابق ملک کے شمالی شہروں میں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 7.74ملین ٹن اورجنوبی شہروں میں 1.43ملین ٹن سیمنٹ کی فروخت ہوئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں بالترتیب 10اور12فیصد زائد ہے۔ گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ملک کے شمالی شہروں میں 7.05اورجنوبی شہروں میں 1.27ملین ٹن سیمنٹ کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔
بیان کے مطابق ستمبرمیں سیمنٹ کی مقامی کھپت کا حجم 3.08ملین ٹن تک رہنے کا امکان ہے جو گزشتہ سال ستمبرکے مقابلے میں 3فیصد زائد ہے، گزشتہ سال ستمبر میں سیمنٹ کی مقامی کھپت کا حجم 2.99ملین ٹن ریکارڈ کیا گیا تھا۔
اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کے آغاز سے اب تک سیمنٹ برآمدات کا حجم 2.59ملین ٹن ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 21فیصد زائد ہے۔
