حملوں میں اضافے سے لبنان ایک اور غزہ بن سکتا ہے:یو این سیکرٹری جنرلنیویارک: اقوام متحدہ (یو این) کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان حملوں میں اضافے سے لبنان ایک اور غزہ میں تبدیل ہو سکتا ہے۔
سی این این کو دیے گئے ایک انٹرویو میں گوتریس نے کہا کہ لبنان میں مواصلاتی آلات میں ہو نے والے حالیہ دھماکوں کا مطلب ہے کہ لڑائی میں شدید اضافے کا امکان ہے جس کا انہیں خدشہ ہے کہ یہ دنیا کے لیے تباہ کن سانحہ ہو سکتا ہے۔
لبنان کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی کوآرڈینیٹر جینین ہینس نے گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ خطہ ایک نئی تباہی کے دہانے پر ہے یہ کوئی مبالغہ آرائی نہیں ہے ۔ان کاکہنا تھا کہ دونوں فریق خود کو کسی بھی فوجی حل کے ذریعے محفوظ نہیں رکھ سکتے۔
منگل اور بدھ کو لبنان بھر میں مواصلاتی آلات میں ہونے والے دھماکوں کے بعد اسرائیل-لبنان سرحد پر کشیدگی میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، مواصلاتی آلات پھٹنے سے 37 افراد جاں بحق اور تقریباً 3ہزار زخمی ہو ئے۔ لبنان کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیل کی جانب سے جمعہ کو بیروت میں کیے گئے فضائی حملے میں کم از کم 45 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
