سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں سابق سری لنکن صدر رانیل وکرما سنگھے کو گرفتار کیا گیا ہے۔ (شِنہوا)
کولمبو(شِنہوا)سری لنکا کے سابق صدر رانیل وکرما سنگھے کو ریاستی فنڈز کے مبینہ غلط استعمال کے الزام میں کرمنل انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ (سی آئی ڈی) نے گرفتار کرلیا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق وکرما سنگھے کو ستمبر 2023 میں اپنی اہلیہ کی گریجویشن تقریب میں شرکت کے لئے لندن کے دورے میں صدر کے عہدے پر فائز رہتے ہوئے ریاستی فنڈز کے مبینہ غلط استعمال کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
سری لنکا کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی سابق ایگزیکٹو صدر کو گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتاری کے بعد انہیں کولمبو فورٹ مجسٹریٹ کورٹ میں پیش کیا گیا۔
تحقیقات کے دوران سی آئی ڈی نے اس سے قبل سابق صدر کے پرائیویٹ سیکرٹری اور صدارتی سیکرٹری کے بیانات بھی قلمبند کئے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وکرما سنگھے بیان دینے کے لئے سی آئی ڈی کے دفتر پہنچے تھے اور بیان ریکارڈ کئے جانے کے بعد انہیں حراست میں لے لیا گیا۔
