چین کے جنوبی صوبے ہائی نان کے شہر سانیا میں سیاح کشتیوں کی سیر سے لطف اندوز ہورہے ہیں-(شِنہوا)
ہائیکو(شِنہوا)چین کی ہائی نان آزاد تجارتی بندرگاہ (ایف ٹی پی) نے اس سال 21 اگست کو ایک آزمائشی پروگرام شروع کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، جس کے تحت بیرون ملک سرمایہ کار مقامی مالیاتی اداروں کی جانب سے فراہم کردہ مقامی مالیاتی مصنوعات تک رسائی حاصل کرسکیں گے۔
قابل قبول مصنوعات میں ویلتھ مینجمنٹ مصنوعات، سیکیورٹیز، فنڈ اور فیوچرز آپریٹرز کی نجی اثاثہ جاتی مینجمنٹ مصنوعات، عوامی سطح پر پیش کردہ سیکیورٹیز انویسٹمنٹ فنڈز اور انشورنس اثاثہ جاتی مینجمنٹ مصنوعات شامل ہوں گی۔
پیپلز بینک آف چائنہ کے ہائی نان شاخ کے ایک اہلکار، جو ان قواعد کے مشترکہ ترتیب دہندگان میں شامل ہیں، کے مطابق اس پروگرام کا مقصد سرحد پار مالیاتی مصنوعات کی پیشکش کو متنوع بنانا اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے چین کی مقامی مارکیٹ تک رسائی کے نئے ذرائع تلاش کرنا ہے۔
اہلکار کے مطابق یہ امید بھی کی جا رہی ہے کہ یہ پروگرام ملکی اور غیر ملکی اثاثہ جات مینجمنٹ کمپنیوں کو ہائی نان میں کام کرنے کی طرف راغب کرے گا جو ہائی نان آزاد تجارتی بندرگاہ کی ترقی میں مدد دے گا۔
چین اپنی وسیع تر اقتصادی حکمت عملی کے حصے کے طور پر ہائی نان کو آزاد تجارتی بندرگاہ میں تبدیل کر رہا ہے۔ چونکہ ہائی نان ایف ٹی پی اس سال کے آخر تک آزاد کسٹمز آپریشن شروع کرنے والا ہے، اس لئے یہ صوبہ نہ صرف سیاحتی مرکز بننے جا رہا ہے بلکہ چین کی اقتصادی کھلے پن کی مہم کے لئے ایک اہم راہداری بھی بن جائے گا۔
