ہفتہ, جولائی 26, 2025
انٹرنیشنلاقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں تنازعات کے پرامن حل کے لئے...

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں تنازعات کے پرامن حل کے لئے قرارداد منظور

نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز میں سلامتی کونسل کے اجلاس کے دوران نمائندے قرارداد پر رائے شماری میں حصہ لے رہے ہیں-(شِنہوا)

اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل (یو این ایس سی) نے ایک قرارداد منظور کی ہے جس کا مقصد بین الاقوامی تنازعات کے پرامن حل کے لئے طریقہ کار کو مضبوط بنانا ہے۔

15 رکنی کونسل کی جانب سے متفقہ طور پر منظور کی گئی قرارداد 2788 میں تمام رکن ممالک پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 33 میں درج طریقہ کار کو موثر طریقے سے استعمال کریں جس میں مذاکرات، تحقیقات، ثالثی، مفاہمت، پنچایت، عدالتی تصفیہ، علاقائی اداروں یا انتظامات کا سہارا لینا یا ان کی مرضی کا کوئی اور پرامن ذریعہ شامل ہیں۔

یہ قرارداد سلامتی کونسل کی اس تیاری کا اظہار کرتی ہے کہ وہ چارٹر کے آرٹیکل 34 کے تحت دستیاب تحقیقاتی اختیار کو بروئے کار لائے جس کے تحت وہ عالمی تصادم کا باعث بننے والے کسی بھی تنازع یا صورت حال کی تحقیقات کرسکتی ہے تاکہ تعین ہو سکے کہ کیا تنازع کے جاری رہنے سے عالمی امن و سلامتی  برقرار رکھنے میں خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔

قرارداد 2788 میں سلامتی کونسل کے اس کردار کو دوبارہ اجاگر کیا گیا ہے کہ وہ تنازعات کے پرامن تصفیے کے لئے موزوں طریقہ کار تجویز کرے۔ اس میں رکن ممالک پر زور دیا گیا ہے کہ وہ تنازعات کے پرامن حل کی غرض سے ان قراردادوں کے موثر نفاذ کے لئے ضروری اقدامات کریں۔

یہ قرارداد اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پر زور دیتی ہے کہ وہ ثالثی اور تنازعات کی روک تھام کے لئے سفارتی کوششوں میں اقوام متحدہ کی قیادت اور حمایت کو یقینی بنائیں۔ یہ سیکرٹری جنرل کو ترغیب دیتی ہے کہ وہ اپنے خیرسگالی کے اختیارات  کو استعمال کرتے رہیں اور رکن ممالک سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ اس سلسلے میں سیکرٹری جنرل کی حمایت کریں اور ان کے ساتھ تعاون کریں۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!