نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار 25 جولائی کو واشنگٹن میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے اہم ملاقات کریں گے۔ یہ اسحاق ڈار اور روبیو کے درمیان پہلی سرکاری ملاقات ہوگی۔
امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیملی بروس کے مطابق ملاقات کی تیاری مکمل ہے اور وہ خود دونوں جانب کے اعلیٰ حکام کے ہمراہ شریک ہوں گی۔
یاد رہے کہ پاکستان نے کچھ ہفتے قبل صدر ٹرمپ کو جنوبی ایشیا میں قیامِ امن کے لیے ان کی ’غیر معمولی خدمات‘ کے اعتراف میں نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کیا تھا۔ یہ درخواست خود اسحاق ڈار کے دستخط سے ناروے کی نوبیل کمیٹی کو بھیجی گئی تھی۔
صدر ٹرمپ نے ماضی میں مسئلہ کشمیر کو ایک دیرینہ اور حل طلب تنازع قرار دیتے ہوئے ثالثی کی پیشکش کی تھی، جسے پاکستان نے فوری طور پر سراہا، جبکہ بھارت نے یہ تجویز مسترد کر دی اور مذاکرات سے مسلسل گریزاں رہا۔
دوسری جانب نجی ٹی وی کو انٹرویو میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت نے خطے میں بالادستی کا دعویٰ کیا تھا۔ بھارت کا غرور خاک میں مل گیا۔ فضا اورزمین پر بھارت کو جواب دیا، 6 جہاز گرائے۔ ڈپلومیسی اورمذاکرات ہی ہرمسئلے کا حل ہے۔ سلامتی کونسل میں متفقہ قرارداد منظور ہونا پاکستان کی کامیابی ہے۔
اسحاق ڈار کی پاکستانی کمیونٹی اور امریکی تھنک ٹینک سے بھی ملاقاتیں شیڈول ہیںِ، واشنگٹن میں غیر ملکی میڈیا سے انٹرویوز بھی نائب وزیراعظم کے شیڈول کا حصہ ہے۔
