سعودی عرب کے مشہور فٹ بال کلب النصر کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو 30برس کی عمر کے بعد 500 کلب اور قومی سطح کے گول کرنیوالے پہلے فٹبالر بن گئے ہیں، یہ سنگ میل سعودی پروفیشنل لیگ کے ایک میچ میں الحزم کیخلاف 4-0 کی شاندار فتح کے دوران حاصل ہوا جس میں رونالڈو نے اہم کردار ادا کیا۔
اس موقع پر رونالڈو نے سعودی عرب کے یومِ تاسیس کی مناسبت سے روایتی سعودی لباس بشت پہن کر فتح کا جشن منایا۔
یہ غیر معمولی جشن غیر ملکی میڈیا نے بھی خوب کور کیا اور رونالڈو کی بشت پہنے تصویر سوشل میڈیا پر محض 40منٹ میں 40لاکھ سے زائد لوگوں نے دیکھی جو تیزی سے وائرل ہوئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق رونالڈو نے 30سال کی عمر تک تقریباً 463گول کئے تھے جبکہ اس کے بعد انہوں نے مزید 500گول سکور کر کے اپنے کیریئر کی لمبی عمر اور غیر معمولی فٹنس کا ثبوت دیا، اسوقت ان کی عمر 41 برس ہے، اس فتح کے بعد النصر سعودی لیگ کی پوائنٹس ٹیبل میں پہلے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔
رونالڈو کی جانب سے بشت پہن کر جشن منانے کو سعودی عرب کی ثقافت کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کی ایک اہم مثال قرار دیا جا رہا ہے۔
رونالڈو نے پہلے بھی سعودی قومی لباس ثوب میں سعودی کپ کی تقریب میں شرکت کی تھی جس سے سعودی ثقافت عالمی سطح پر اجاگر ہوئی، یہ واقعہ نہ صرف کھیل بلکہ ثقافتی شعور کو فروغ دینے کا بھی ذریعہ بنا۔
رونالڈو نے اپنے کیریئر میں ریال میڈرڈ، مانچسٹر یونائیٹڈ، یووینٹس اور پرتگال کی قومی ٹیم سمیت متعدد ٹیموں کیساتھ بے شمار ریکارڈ قائم کئے۔




