حکومت پنجاب کا ٹیکس ہدف خطرے میں پڑ گیا، رواں مالی سال کے پہلے 6ماہ میں 227ارب 85کروڑ وصول کرسکی جبکہ صوبے کی مجموعی سالانہ ٹیکس آمدنی کا ہدف 527ارب 70کروڑ روپے مقرر کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے ہدف حاصل نہ کرنیوالے محکموں کو کارکردگی بہتر بنانے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت جاری کرتے ہوئے بجٹ اہداف ہر صورت مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق توانائی و ٹرانسپورٹ شعبوں کی کارکردگی انتہائی کم رہی، 6ماہ میں دونوں شعبوں سے صرف 78کروڑ روپے ٹیکس وصول کیا جا سکا جبکہ سالانہ ہدف 9ارب 70کروڑ روپے مقرر ہے۔
بورڈ آف ریونیو کا سالانہ ہدف 105 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے تاہم ادارہ پہلی ششماہی میں صرف 35ارب 69کروڑ روپے اکٹھے کر سکا۔
پنجاب ریونیو اتھارٹی نے سب سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6ماہ میں 147ارب روپے جمع کیے، اسی طرح ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپاٹمنٹ نے 70ارب روپے کے ہدف میں سے 43ارب 41کروڑ روپے وصول کر لئے۔
حکومت نے تمام محکموں کو مقررہ بجٹ اہداف کے حصول کیلئے باقی ماندہ مدت میں ٹیکس وصولی عمل تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔




