چین کے ہانگ کانگ میں ہانگ کانگ سائنس پارک میں چائنہ مرچنٹس گروپ کی لائن راک اے آئی لیب کے افتتاح کی تقریب کا منظر۔(شِنہوا)
ہانگ کانگ(شِنہوا)ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے (ایچ کے ایس اے آر) حکومت کے سیکرٹری برائے محنت اور فلاح و بہبود کرس سن نے کہا ہے کہ شہر کی اعلیٰ ٹیلنٹ پاس سکیم کے ذریعے ہانگ کانگ آنے والے آدھے سے زیادہ باصلاحیت افراد بر سر روزگار ہیں۔
2022 کے آخر میں شروع کی گئی سکیم کے تحت گزشتہ سال دسمبر کے آخر تک ایک لاکھ 16ہزار سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئیں اور تقریباً 92ہزار کو منظور کیا گیا۔ کرس سن نے کہا کہ ان میں سے 75 ہزار سے زیادہ باصلاحیت افراد اپنے اہل خانہ کے ساتھ ہانگ کانگ پہنچے۔ روزگار میں باصلاحیت افراد نے بنیادی طور پر انتظامی اور پیشہ ورانہ ملازمتیں اختیار کیں جن کی اوسط ماہانہ آمدنی تقریباً 50ہزار ہانگ کانگ ڈالر تھی۔
کرس سن نے کہا کہ اس سکیم میں شامل ہونے والوں اور ان کے شریک حیات نے ہانگ کانگ کی معیشت میں براہ راست حصہ ڈالا۔ ان میں سے آدھے سے زیادہ کی عمر 40 سال سے کم ہے، جن میں سے بہت سے اپنے چھوٹے بچوں کو ہانگ کانگ میں آباد کرنے کے لئے لے کر آرہے ہیں۔ اس سے مقامی لیبر فورس میں نئی قوت پیدا ہوتی ہے اور ہانگ کانگ کے آبادیاتی ڈھانچے پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
(ایک امریکی ڈالر 7.78 ہانگ کانگ ڈالر کے برابر ہے)
