چائنہ کمیونیکیشنز کنسٹرکشن کمپنی (سی سی سی سی) کی تنزانیہ برانچ نے جمعہ کے روز تنزانیہ کی دارالسلام یونیورسٹی کو 300 کتابیں عطیہ کیں۔ چینی کمپنی کا یہ عطیہ دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی اور تعلیمی تبادلے مزید مضبوط ہونے کی علامت ہے۔
چینی تاریخ، روایتی ثقافت، جدید ترقی اور سائنسی و تکنیکی کامیابیوں جیسے بنیادی شعبوں پر مشتمل یہ کتابیں دارالسلام یونیورسٹی میں سی سی سی سی اور کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے اشتراک سے منعقدہ تقریب میں عطیہ کی گئیں۔
دارالسلام یونیورسٹی کی لائبریری سروسز کے قائم مقام ڈائریکٹر کولن کیمارِیو نے کہا کہ ’کتابوں کے ذریعے پل، سی سی سی سی اور تنزانیہ کے ساتھ نئی داستان” کے عنوان سے عطیہ کی گئی چینی اور انگریزی زبان میں لکھی گئی یہ کتابیں ثقافتوں کو جوڑنے، علمی خلا کم کرنے اور طلبہ و محققین کو عالمی علمی ذخیرے سے منسلک کرنے کا ذریعہ ہیں۔
سی سی سی سی تنزانیہ برانچ کے ڈپٹی جنرل منیجر ڈینگ ہونگ لونگ نے کہا کہ "چائنہ بک شیلف” منصوبے کے تحت کمپنی مسلسل تین برسوں سے دارالسلام یونیورسٹی کو چینی اور انگریزی زبان کی کتابیں عطیہ کر رہی ہے۔
ڈینگ نے کہا کہ یہ کتابیں طب، ادب، تاریخ، سائنس اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں کا احاطہ کرتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم کتابوں کے ذریعے صرف علم ہی نہیں بانٹتے بلکہ چین اور تنزانیہ کے درمیان دوستی کے پل بھی تعمیر کرتے ہیں جس سے ثقافتی اور تعلیمی تبادلے کو مزید فروغ ملتا ہے۔
دارالسلام، تنزانیہ سے شنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ




