لاہور ہائیکورٹ نے ریٹائرڈ ججز کو الیکشن اپیلوں پر سماعت سے روکنے کیلئے دائر متفرق درخواست سماعت کیلئے منظور کر کے فریقین کو نوٹس جاری کردیئے جبکہ درخواست پر لارجر بینچ بنانے کی سفارش کردی۔
لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس عابد عزیز شیخ نے سلمان اکرم راجہ کی ریٹائرڈ ججز کو الیکشن اپیلوں پر سماعت سے روکنے کیلئے دائر متفرق درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ این اے 128لاہور سے عون چودھری کو شکست دے کر کامیاب ہوا، بعد میں دھاندلی سے نتائج تبدیل کر کے عون چودھری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، الیکشن ایکٹ 2017ء کے تحت ناکام امیدواروں کی انتخابی عذرداریوں کی سماعت کیلئے ہائیکورٹ کے جج بطور الیکشن ٹریبونل کام کررہے ہیں،میری عون چودھری کیخلاف الیکشن پٹیشن زیر التوا ہے،
حکومت پاکستان نے انتخابی عذرداری پر من پسند فیصلے کرانے کیلئے ریٹائرڈ ججوں کو الیکشن ٹریبونلز لگا دیا ہے ایسا کیا جانا حکومت کی بدنیتی اور غیر قانونی فعل ہے۔استدعا ہے کہ عدالت ریٹائرڈ ججز کو الیکشن اپیلوں پر سماعت سے روکنے کا حکم دے۔
عدالت نے درخواست سماعت کیلئے منظور کر کے فریقین کو نوٹس جاری کردیئے اور ریمارکس دیئے کہ درخواست میں اہم قانونی و آئینی نکات اٹھائے گئے ہیں،عدالت نے درخواست پر لارجر بنچ بنانے کی سفارش کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
