چین کے جنوبی صوبے ہائی نان کے شہر سانیا میں سیاح نان شان کلچرل ٹورازم زون کا دورہ کر رہے ہیں۔(شِنہوا)
سانیا(شِنہوا)چین کے جنوبی جزیرہ صوبے ہائی نان کے "ٹراپیکل پیراڈائز” سانیا نے روسی سیاحوں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر مکمل روسی زبان میں خدمات فراہم کرنا شروع کر دی ہیں جو ستمبر میں لاگو ہونے والی ویزا فری پالیسی کے بعد خاصی بڑھ گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2025 کی پہلی ششماہی میں سانیا میں روسی سیاحوں کی آمد میں گزشتہ سال کی نسبت 266.2 فیصد بلند ترین اضافہ ہوا جو تمام غیر ملکی سیاحوں کا 40 فیصد سے زائد حصہ بنتا ہے۔
مقامی حکام نے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد زبان کی رکاوٹوں کو ختم کرنا اور روسی سیاحوں کے لئے سردیوں کی تعطیلات کا ایک ہموار اور خوشگوار تجربہ فراہم کرنا ہے۔
اس منصوبے کا ایک اہم پہلو فرنٹ لائن عملے کے لئے روسی زبان کی جامع تربیت فراہم کرنا ہے۔ ہوٹلوں، سیاحتی مقامات، شاپنگ مالز اور ٹرانسپورٹ سیکٹرز میں کام کرنے والے عملے کے لئے خصوصی تربیتی سیشنز منعقد کئے گئے ہیں۔
ایک ساحلی ہوٹل کے استقبالی ڈیسک کی کلرک یو نا اب روسی سیاحوں کی چیک ان، کمروں کی تفصیلات اور ناشتے کے شیڈول میں مہارت سے مدد کر سکتی ہیں۔ وہ کام جو پہلے ان کے لئے مشکل تھا اور جن کے لئے وہ اشاروں اور ترجمہ ایپس پر انحصار کرتی تھیں۔
ہوٹلز کے علاوہ یالونگ بے کے سیاحتی مقام پر کام کرنے والی ما ژی اب روسی زبان میں ناریل کے جنگلات کے راستوں اور مرجان چٹانوں کے تحفظ کے بارے میں معلومات شیئر کرتی ہیں۔ ما ژی نے کہا کہ میری وضاحت کے بعد ایک روسی سیاح نے سانیا کی ماحولیاتی کوششوں کی تعریف کی جو میرے لئے بہت خوشی کا باعث تھا۔
سانیا خدمات کو مزید بہتر بنانے کے لئے روسی زبان میں تعلیمی ویڈیوز جاری کرنے، اہم سیاحتی مقامات پر مخصوص سروس پوسٹس قائم کرنے، کثیراللسانی گائیڈ ٹیموں کو وسعت دینے اور ٹرانسپورٹ مراکز پر نشانات اور کرنسی تبادلہ مقامات بہتر بنانے کا منصوبہ رکھتا ہے۔
