بلغاریہ کے پزرچک ریجن کے قصبے پانگ یو رشتے میں روایتی چینی ادویات کے مرکز (ٹی سی ایم) کا افتتاح کیا جا رہا ہے۔(شِنہوا)
صوفیہ(شِنہوا) بلغاریہ کے قصبے پانگ یو رشتے میں روایتی چینی ادویات کا ایک نیا مرکز(ٹی سی ایم) قائم کردیا گیا ہے۔ مرکز کے قیام کا مقصد مریضوں کی دیکھ بھال میں بہتری اور قدیم چینی طریقہ علاج کے عظیم ورثے کی شراکت ہے۔
صوفیہ شہر سے تقریباً 90 کلومیٹر جنوب مشرق اور پلووڈیو سے 75 کلومیٹر شمال مغرب میں پزرچک ریجن میں واقع ٹی سی ایم مرکز چین کی جیانگ شی یونیورسٹی آف چائنیز میڈیسن اور بلغاریہ کے یونی ہسپتال کی مشترکہ کاوش ہے۔
پزرچک کی علاقائی گورنر ویلنٹینا کے ٹازووا نے افتتاحی تقریب کے موقع پر منصوبے کو انسانیت کیلئے ایک کاوش قرار دیتے ہوئے صحت اور بہبود پر توجہ مرکوز کرنے پر زور دیا۔
پانگ یو رشتے کے میئر نے اپنے قصبے کے تاریخی تعلق پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پانگ یو رشتے اب ایک اور قدیم روایت ’’روایتی چینی ادویات‘‘ کا مسکن بن گیا ہے۔
جیانگ شی یونیورسٹی آف چائنیز میڈیسن کی صدر ژو وی فینگ نے ٹی سی ایم میں موجود حکمت اور تجربے کو اجاگر کیا۔ وی فینگ نے کہا کہ یونیورسٹی کا مقصد دنیا کو ٹی سی ایم کے شفا بخش فوائد پیش کرنا ہے۔ اس موقع پر بلغاریہ میں چینی سفارتخانے کے ثقافتی قونصلر بھی موجود تھے۔
